پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کیا جانا خوش آئند ہے ،پوری دنیا میں ایک اچھا پیغام جائے گا ، میئر کراچی وسیم اختر

منگل 28 فروری 2017 22:57

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کیا جانا خوش آئند ہے ،پوری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کیا جانا خوش آئند ہے اس سے پوری دنیا میں ایک اچھا پیغام جائے گا، PSL کا فائنل کراچی میں منعقد کرنے کے لئے میں نے میئر کی حیثیت سے پیشکش کی تھی اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھی قبول کرنے کے لئے ہم تیار تھے جس کا مقصد یہی تھا کہ ہمیں دہشت گردی کے آگے ہتھیار نہیں ڈالنے چاہئیں اور اس کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنا چاہئے یہ بات انہوں نے ضلع وسطی میں مختلف منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کے سوال کے جواب میں کہی، انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے PSL کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کا دل چاہتا ہے کہ لاہور جا کر فائنل میچ دیکھیں لیکن میئر کی حیثیت سے کراچی کی ذمہ داریاں اتنی زیادہ ہیں کہ وہ شاید ایسا نہ کرسکیں میری ہمدردیاں اور نیک تمنائیں PSL کی انتظامیہ کے ساتھ ہیں ، کراچی کرکٹ پسند کرنے والوں کا شہر ہے وہ اس کھیل سے اور کھلاڑیوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں، فائنل کوئی بھی جیتے مقصد کھیل اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ ماضی کی طرح ملک سے باصلاحیت نوجوان سامنے آئیں اور پوری دنیا میں اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔