صدر ممنون حسین سے انکے آذربائیجان کے ہم منصب کی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان تجارت ، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور آذربائیجان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، آذری سرمایہ کار پاکستان کی آزادانہ سرمایہ کاری اور بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں، صدر ممنون حسین دنیا پر یہ واضح کر نے کی ضرورت ہے کہ اسلام امن کا دین ہے، پاکستان اور آذربائیجان ٹیکسٹائل، زرعی آلات اور ادبیات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں، اس برس اسلامی یکجہتی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا، صدر الہام علیو

منگل 28 فروری 2017 22:53

صدر ممنون حسین سے انکے آذربائیجان کے ہم منصب کی ملاقات، دونوں ممالک ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے صدر الہام علیو نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت ، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماوں نیپاکستان کا "نکورونو کاراباخ "اور آذربائیجان کا "کشمیر "کے مسئلے پر حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیواپنے وفد کے ہمراہ اقتصادی تعاون کی تنظیم میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں جنھوں نے ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں سربراہاں کے درمیان علیحدگی میں ہونے والی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیو نے کہا ہے کہ دنیا پر یہ واضح کر نے کی ضرورت ہے کہ اسلام امن کا دین ہے۔

(جاری ہے)

صدر علیو نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان ٹیکسٹائل، زرعی آلات اور ادبیات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں۔آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ اس برس اسلامی یکجہتی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ صدر ممنون حسین نے باہمی تجارت کے حجم کو بڑھانے پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ آذری سرمایہ کار پاکستان کی آزادانہ سرمایہ کاری اور بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان خطے کی خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ صدر علیو نے کہا کہ دونوں ملک علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ایک جیسا موقف رکھتے ہیں۔

آذربائیجان کے صدر نے ان کا اوراٴْ ن کے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس سے قبل ایوان صدر آمد پر صدر ممنون حسین نے آذربائیجان کے صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے آذربائیجان کے صدر کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔آذربائیجان کے وفد میں وزیر خارجہ ایلمار میماد محمدوو، مشیر خارجہ ناروز میمادوو، وزیرِ اقتصادیات شاہین مصطفیو، وزیر توانائی ناطق علیو اور پاکستان میں سفیر علی فکرت اوگلو علیزادہ شامل تھے۔