وزارت داخلہ نے براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کی منظوری دے دی

ایف آئی اے کو گرفتاری کیلئے معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کی ہدایت دونوں کے ریڈ وارنٹ ان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے پر جاری ہوئے

منگل 28 فروری 2017 22:18

وزارت داخلہ نے براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کی منظوری دے دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) وزارت داخلہ نے کالعدم بلوچ ریپبلکن پارٹی کے چیئرمین براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی ،ْ ایف آئی اے کو گرفتاری کے لیے معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کالعدم بلوچ ریپبلکن پارٹی کے خود ساختہ جلا وطن چیرمین براہمداغ بگٹی اور شیر محمد عرف شیرا کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست منظور کرلی جس کے بعد وزارت داخلہ نے دونوں کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ریڈوارنٹ کی منظوری ایف آئی اے کو موصول ہوگئی ہے، ریڈ وارنٹ میں براہمداغ اور شیر محمد کو دہشت گرد قرار دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ دونوں کے ریڈ وارنٹ ان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے پر جاری ہوئے، براہمداغ بگٹی پاکستان بالخصوص صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی اور بم دھماکوں میں ملوث پائے گئے ہیں، براہمداغ اور شیر محمد کے خلاف دائمی ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے جس میں دونوں کو مطلوب اور مفرور ظاہر کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق براہمداغ بگٹی ایک بار پھر بلوچستان میں متحرک ہوچکے تھے جس کے لیے وہ اپنے قبیلے کے لوگوں کو افغانستان بلارہے تھے جہاں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے ذریعے ان سے پاکستان میں دہشت گردی کرائی جانی تھی تاہم حساس اداروں نے حکومت کو ان عزائم سے آگاہ کیا جس پر ایف آئی اے نے ریڈ وارنٹ کی درخواست دی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ براہمداغ بگٹی کو اس وقت بھارت نے پناہ دے رکھی ہے تاہم ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ براہمداغ کی گرفتاری کا معاملہ انٹرپول کے سیکریٹری جنرل سمیت بین الاقوامی سطح پر اٹھائے۔