صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ملاقات

تجارت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق پاکستان کا ’’نگورنو کاراباخ‘‘ اور آذربائیجان کا ’’کشمیر‘‘ کے مسئلہ پر حمایت جاری رکھنے کا اعلان

منگل 28 فروری 2017 21:45

صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نی دونوں ممالک کے درمیان تجارت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان کا ’’نگوونو کاراباخ‘‘ اور آذربائیجان کا ’’کشمیر‘‘ کے مسئلہ پر حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اپنے وفد کے ہمراہ اقتصادی تعاون کی تنظیم میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچے ہیں جنہوں نے ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں سربراہان کے درمیان علیحدگی میں ہونے والی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا ہے کہ دنیا پر یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ اسلام امن کا دین ہے۔

(جاری ہے)

صدر علیوف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان ٹیکسٹائل، زرعی آلات اور ادبیات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ اس برس اسلامی یکجہتی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان خطہ میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ صدر ممنون حسین نے باہمی تجارت کے حجم کو بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آذری سرمایہ کار پاکستان کی آزادانہ سرمایہ کاری اور بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان خطہ کی خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ صدر علیوف نے کہا کہ دونوں ملک علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ایک جیسا مؤقف رکھتے ہیں۔

آذربائیجان کے صدر نے ان کا اور ا ن کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس سے قبل ایوان صدر آمد پر صدر ممنون حسین نے آذربائیجان کے صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے آذربائیجان کے صدر کو گلدستے پیش کئے۔ آذربائیجان کے وفد میں وزیر خارجہ ایلمار میماد محمدوو، مشیر خارجہ ناروز میمادوو، وزیرِ اقتصادیات شاہین مصطفیو، وزیر توانائی ناطق علیو اور پاکستان میں سفیر علی فکرت اوگلو علیزادہ شامل تھے۔