پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشرباء اضافہ قابل مذمت ہے،فیصلہ واپس لیاجائے‘ میاں مقصود احمد

ٹیکسوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میںاضافے کے ذریعے عوام کولوٹاجارہاہے، خوشحالی کانعرہ لگانے والے کشکول ہاتھوں میں اٹھائے قرضوں کی بھیک مانگ رہے ہیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 28 فروری 2017 21:40

پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشرباء اضافہ قابل مذمت ہے،فیصلہ واپس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 17روپے تک ہوشرباء اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم مصنوعات کوبھجوانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مسلسل اضافہ تشویش ناک ہے،اس سے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات مزیدبڑھ جائیں گے،ملک کی20کروڑ عوام کوپہلے ہی کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں،دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہورہی ہیں مگر پاکستان میں اضافہ کرکے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے،پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی بجائے باربار اضافہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کامظہر ہے،اس فیصلے کوفی الفور واپس لیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اوگراکی سمری کے مطابق پٹرول2.96پیسے ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت میں 2روپی60پیسے،مٹی کے تیل کے نرخوں میں17روپی55پیسے اور لائٹ ڈیزل کے نرخوں میں10روپی94پیسے اضافے کی بات کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اور ماتحت ادارے ٹیکسوں کی بھر مار اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں آئے روزاضافے کے ذریعے عوام کے خون پسینے کی کمائی کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔

برسراقتدار افراد اپنی مدت کے تقریبا4سال مکمل کرنے جارہے ہیں مگر ان کی کارکردگی سے عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں ملا۔خوشحالی کانعرہ لگانے والے کشکول ہاتھوں میں اٹھائے قرضوں کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کی سمری کو فی الفور مسترد کیاجائے تاکہ عوام کے مسائل میں مزید اضافہ نہ ہو۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔

مہنگائی،کرپشن،لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی جیسے مسائل کسی عفریت سے کم نہیں۔لوگوں کو اپنے جائز مطالبات کے لیے بھی سڑکوں پر آنا پڑتا ہے۔جب تک حکمران سنجیدگی سے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے کوششیں نہیں کرتے تب تک عوام کی زندگی میں خوشحالی نہیں آسکتی۔

متعلقہ عنوان :