وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاشہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

منگل 28 فروری 2017 21:40

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاشہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہری دفاع حکومت کے تعاون سے قائم کی گئی ایسے نظم و ضبط کی تنظیم ہے ،جو دوران جنگ یا امن کے وقت قوم کی قوت اور قابلیت کو بہتر بنانے کے لئے ہر وقت کوشاں رہتی ہے۔سول ڈیفنس کے زمرے میں وہ تمام اقدامات شامل ہیں، جو اصل لڑائی کے مترادف نہ ہوں، بلکہ کسی بیرونی طاقت کے حملے کی صورت میں ایسے اقدامات کرنا ہیں کہ دشمن اپنے مفادات حاصل نہ کر سکیں۔

شہری دفاع سے مراد حکومت کی وہ سرگرمیاں جن کا مقصد شہریوں کو زلزلے ، سیلاب اور دیگر آفات سے بچانا اور محفوظ معاشرے کی تعمیرہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جان و مال کے ناقابل تلافی نقصان کے تناسب کو کم کرنے کیلئے شہری دفاع کی تنظیم کا کرادر نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

شہری دفاع کے ذمہ زمانہ امن اور جنگ ہر دو صورتوں میں شہریوں کی حفاظت جیسا عظیم کام ہے۔

انہوںنے کہا کہ عالمی دن برائے شہری دفاع کو منانے کا مقصدعوام کی توجہ شہری دفاع کی جانب مبذول کروانا اور ناگہانی آفات کی صورت میں پہلے سے اقدامات کرنا ہے اوراس دن کا بنیادی مقصد ان تمام اداروں اور افراد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو جنگ اور آفات کے دنوں میں شاندار خدمات سرانجام دیتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ شہری دفاع کے ادارے کو مضبوط بنیادوں پر دوبارہ کھڑا کیا جائے اور اس ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنی ترجیحات کو نئے تصورات اور متبادلات سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔