پنجاب میں بسنے والے پختون بھائیوں کی سکیورٹی ہمیںبہت عزیزہے، جائز شکایات کے ازالے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل

پنجاب میں بسنے والے پختون ہمارے بھائی ہیں،بے بنیاد پراپیگنڈا کرنیوالے پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں‘شہبازشریف دہشت گردوں کا کوئی مذہب ہے نہ کوئی دین اورنہ ہی کوئی جغرافیائی شناخت، دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے،خدارا ملک و قوم کی خاطربے بنیاد پراپیگنڈا کرکے وطن عزیز سے دشمنی نہ کی جائے اورملک اور قوم کی خاطر منافرت نہ پھیلائیں کے پی کے، بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے عوام کا مشن دہشت گردوں کو نیست و نابود کرنا ہے ‘وزیراعلیٰ کی امیر مقام کی قیادت میں وفد سے گفتگو

منگل 28 فروری 2017 21:37

پنجاب میں بسنے والے پختون بھائیوں کی سکیورٹی ہمیںبہت عزیزہے، جائز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، اور پنجاب ایک لڑی میں پروئی ہوئی چار اکائیاں ہیں، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بغیر پاکستان کا تصور ناممکن ہے، صوبہ پنجاب میں بسنے والے خیبرپختونخوا اوردیگر صوبوںکے لوگ ہمارے بھائی ہیں، دہشت گردی کا واقعہ کہیں بھی ہو پورا پاکستان اس پر افسردہ ہوتاہے، دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی دین، دہشت گردو ںکی کوئی جغرافیائی شناخت نہیں، دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے، میں صوبے کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کہ جو سرچ اور کومبنگ آپریشن ہو رہے ہیں وہ کسی ایک قوم کے خلاف نہیں بلکہ اس کا ہدف دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ہیں، پنجاب میں بسنے والے پختون ہمارے بہن بھائی اور دل کے بے حد قریب ہیں،ان کی سکیورٹی ہمیں اتنی ہی عزیز ہے جتنی ہمیں اپنی، کسی کو سیاست چمکانے کی خاطر تفرقہ پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی، ایسی بات جس سے پاکستان کو نقصان پہنچے اس کی سخت سرزنش ہونی چاہیے ،خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے عوام کا مشن ہے کہ دہشت گردوں کو نیست نابود کرنا ہے،بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والے پاکستان کی خدمت نہیںبلکہ بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والے پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں،خدارا ملک و قوم کی خاطربے بنیاد پراپیگنڈا کرکے وطن عزیز سے دشمنی نہ کی جائے اورملک اور قوم کی خاطر منافرت نہ پھیلائیں اور اس طرح ملک کی جڑوں کو کھوکھلا نہ کریں۔

(جاری ہے)

وہ یہاں وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں ملاقات کرنے والے خیبرپختونخوا کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ہمارا سانجھا گھر ہے اور ہم یکجان دو قالب ہیں۔ چاروں صوبوں میں بسنے والے عظیم پاکستانی ہیں جو ہمیشہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو رہتے ہیں۔خیبر پختوانخو، بلوچستان، سندھ،پنجاب، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کا حسین امتزاج ہی خوبصورت پاکستان کی بنیاد ہے ۔

ہم سب کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کے صوبہ پنجاب میں ایسی کسی بات کا تصور بھی کرنا نا ممکن ہے ۔چاروں صوبے ملکر ہی پاکستان کو عظیم بناتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سانحہ گلشن اقبال پار ک اورسانحہ مال روڈ میں عظیم پاکستانیوں نے اپنی قیمتی جانوں کینذرانے دئیے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج، پولیس، سیاستدانوں اور دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چاروں صوبوں کے عوام نے قربانیو ںکی تاریخ رقم کی ہے۔خدارا ان عظیم قربانیوں میں تفریق نہ ڈالی جائے ،یہ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہا کہ جس دہشت گردگروہ نے گلشن اقبال میں دہشت گردی کی ،اسی نے مال روڈ پر دہشت گردی کاگھناؤنا کھیل کھیلا ہے ،جس میں بہادر پولیس افسروں اوراہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میںخیبر پختوانخو، بلوچستان، سندھ اورپنجاب نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔انہوںنے کہا کہ مال روڈ پر جس خود کش بمبارنے دھماکہ کیا وہ افغانستان سے آیا تھا جبکہ اس کے سہولت کار کاتعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا۔میںواضح کرنا چاہتا ہوں کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب ہے نہ دین اورنہ ان کی جغرافیائی شاخت،دہشت گرد صرف دہشت گرد ہے۔

پاکستان کے عوام کا مشن ہے کہ دہشت گردوں کو پاک دھرتی سے نیست ونابود کرنا ہے ۔ہم نے ہمیشہ بھائی چارے ،اخوت ،یکجہتی اوریگانگت کو فروغ دیا ہے اورہم نے ملکردہشت گرد ی کے خلاف جنگ لڑناہے ۔خدارا اس حوالے سے منافرت مت پھیلائیں۔ اس طرح آپ ملک کی جڑوں کو کمزور کرسکتے ہیں۔میں صوبے کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کہ جو آپریشنزجاری ہیںوہ بلاامتیاز رنگ و نسل دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کے خلاف ہورہے ہیں اورایسے آپریشنزمیں چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال رکھا جائے گا۔

پنجاب میں بسنے والے پختون ہمارے بھائی ہیں ان کی سکیورٹی ہمیں اتنی ہی عزیزہے جتنی ہمیں اپنی ۔اگر کسی نے کوئی گڑ بڑ کی ہے تواسے قانون کے تحت قرار واقعی سزا دیں گے۔تاہم کسی کو بے بنیاد پراپیگنڈا کر کے تفرقہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوںنے کہا کہ ہم نے پنجاب میں رینجرز کو بھی بلایا ہے تاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا قلع قمع کیا جاسکے۔

انہو ںنے کہا کہ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ جہاں مشتبہ شخص نظر آئے اس کی اطلاع فوراً پولیس کو دی جائے۔ محبت، بھائی چارے اور اخوت کے رشتوں کو مضبوط بنا کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے بھائیوں کی جائز شکایات کے ازالے کیلئے ایک مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دینے کا اعلان کیا جو شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات کرے گی۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باوجود پنجاب حکومت نے مشاورت کے ساتھ پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس میچ کو کامیاب بنانے کیلئے پوری قوم کا تعاون چاہیئے تاکہ سفاک دشمن کے عزائم خاک میں ملائے جاسکیں۔ہم نے مل کر پی ایس ایل کے فائنل میچ کو کامیاب بنانا ہے اور دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پوری قوم کے دشمن ہیں۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری اطلاعات بھی اس موقع پرموجود تھے۔