دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا،کراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہیگا، محمد زبیر

کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر جگہ دلوانے کے لئے یہاں دیر پا امن کا قیام ناگزیر ہے ، سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، گورنر سندھ کا امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

منگل 28 فروری 2017 21:37

دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا،کراچی آپریشن اپنے منطقی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سندھ امن کی دھرتی ہے جہاں صدیوں سے لوگ امن بھائی چارے ، ہم آہنگی ، رواداری اور پیار و محبت سے رہ رہے ہیں ، سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندرؒکے مزار پر دہشت گرد حملہ امن کی دھرتی کو سبو تاژ کرنے کی ناکام کوشش تھی جسے عوام نے اپنے اتحاد سے ناکام بنادیا ،صوبہ سے بلا امتیاز دہشت گردی کا خاتمہ انتہائی نا گزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے لئے رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں جانے نہیں دینگے اس ضمن میںکراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں امن و امان کے حوالہ سے منعقد ہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید ، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز ، آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ ،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ نے گورنر سندھ کو جاری آپریشن کے نتائج ، اہداف ، دہشت گردوں کے خلاف مرتب کئے گئے پلان ، مارچ میں ہونے والی مردم و خانہ شماری، صوبہ سے غیر ملکیوں سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر اہم معاملات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امن وامان کو پائیدار بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ، دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ان کو کسی بھی قسم کی رعایت دینا انسانیت کی تذلیل کے مترادف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ15 مارچ سے شروع ہونے والی مردم و خانہ شماری ملک کے لئے بہت اہم ہے اس سے آبادی کے درست اعدا د و شمار دستیاب ہونگے جس سے وسائل کے منصفانہ تقسیم یقینی ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہر بن چکا ہے اسے عالمی معاشی نقشہ پر جگہ دلوانے کے لئے یہاں دیر پا امن کا قیام ناگزیر ہے کیونکہ معاشی وسماجی سرگرمیاں کراچی کی پہچان ہیں روشنیوں کے شہر کراچی نے ہر دور میں ملکی معاشی صورتحال کو سنبھالا ہے شہر کی سب سے اہم خصوصیت و استعداد یہ ہے کہ ماضی میں بدترین حالات کے باوجود یہاں معاشی و سماجی سرگرمیاںجاری رہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ، سی پیک سے منسلک چینی ماہرین اور متعلقہ افراد کو فول پروف سیکیورٹی یقینی بنارہے ہیں اس کے لئے سندھ پولیس میں خصوصی یونٹ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے ۔