عبدالستار ایدھی اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، لوگوں کی بلاامتیاز ِ رنگ و نسل اور مذہب و مسلک خدمت کی ،محمد نواز شریف

تاریخ میں کبھی کبھی ایسی شخصیات جنم لیتی ہیں جو اپنا آج انسانیت کے کل کیلئے قربان کر دیتے ہیں منفی سوچ اور منفی طرز سیاست سے لوگوں کے جذبات کے ساتھ تو کھیلا جا سکتا ہے مگر ان کے دلوں میں جگہ نہیں بنائی جا سکتی،سماجی خدمت کرنیوالے مرحوم کو اپنا رول ماڈل بنا کر خدمت، دیانت کی روایت کو زندہ رکھیں،وزیراعظم کا 89 ویں سالگرہ پر پیغام

منگل 28 فروری 2017 21:37

عبدالستار ایدھی اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، لوگوں کی بلاامتیاز ِ رنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی انسانیت کا ایک ایسا استغارہ ہے جو نہ صر ف پاکستان بلکہ پورے عالم انسانیت کیلئے باعثِ فخر ہے، تاریخ میں کبھی کبھی ایسی شخصیات جنم لیتی ہیں جو اپنا آج انسانیت کے کل کیلئے قربان کر دیتے ہیں، عبدالستار ایدھی نے بہت کم وسائل مگر بے پناہ اخلاص کیساتھ انسانیت کی جو خدمت کی اس کو نہ صرف اس دنیا میں پذیرائی ملی بلکہ آخرت میں بھی ایسے ہی لوگ سرخرو ہوں گے۔

عبدالستار ایدھی کی 89 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی کی زندگی میں ہمارے لئے یہ سبق ہے کہ جو لوگ انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنی توانائیاں صرف کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کے لئے عوام کے دلوں میں محبت کے چراغ روشن کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منفی سوچ اور منفی طرز سیاست سے لوگوں کے جذبات کے ساتھ تو کھیلا جا سکتا ہے مگر ان کے دلوں میں جگہ نہیں بنائی جا سکتی۔

عبدالستاار ایدھی اپنی ذات میں ایک انجمن تھے۔ وہ ایک ادارہ تھے۔ ایک فرد واحد نے محض اپنے جذبے کے ساتھ ایک ایسا ادارہ تشکیل دیا جس سے لاکھوں لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سماج نے ان کا ساتھ دیا اور اس بات کا عملی اظہار کیا کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی خدمت اور دیانت کی قدر کی جاتی ہے۔ جو لوگ انسانی خدمت کو اپنا طرز عمل بناتے ہیں وہ سیاست میں ہوں ، مذہب میں ہوں یا کسی اور شعبے میں ان کا نام باقی رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے لوگوں کی بلاامتیاز ِ رنگ و نسل اور مذہب و مسلک خدمت کی ہے۔ انہوں نے اسی پیغمبرانہ طریقے کو اپنے لئے مشعل راہ بنایا جس کے ذریعے پیغمبروں نے ہمیشہ انسانوں کی خدمت کی اور کسی طرح کے امتیاز کو رواں نہیں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو لوگ سماجی خدمت کا کام کر رہے ہیں ان کو چاہئے کہ عبدالستار ایدھی کو اپنا رول ماڈل سمجھتے ہوئے خدمت اور دیانت کے روایت کو زندہ رکھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم بھی عبدالستار ایدھی کی طرح ان کو عزت اور وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ان کے درجات بلند کرے اور ہمارے معاشرے میں ان کی جلائی ہوئی شمع ہمیشہ روشن رکھے۔