پی ایس ایل فائنل کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اجلاس

فائنل کے موقع پر فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ‘ اجلاس میں فیصلہ رینجرز کے افسران نے بھی قذافی اسٹیڈیم ،پنجاب سپورٹس بورڈ اور نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا

منگل 28 فروری 2017 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رینجرز کے دستے نے قذافی اسٹیڈیم ،پنجاب سپورٹس بورڈ اور نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر انسداد دہشتگردی کرنل (ر) سردار محمد ایوب ، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، ہوم سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پی ایس ایل کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کیلئے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فائنل کے موقع پر فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی اور اس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔علاوہ ازیںرینجرز کے افسران نے قذافی اسٹیڈیم ، پنجاب سپورٹس بورڈ اور نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کیا ۔ رینجرز حکام نے سپورٹس بورڈ میں قائم کنٹرول روم کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر پولیس اور دیگر حکام کی جانب سے رینجرز کوسکیورٹی انتظامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔