ای سی او کی تیاریاں بھترین اور صورت حال بہت حوصلہ افزا ہے، سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے،ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس زکریا

منگل 28 فروری 2017 20:29

ای سی او کی تیاریاں بھترین اور صورت حال بہت حوصلہ افزا ہے، سربراہ اجلاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی تیاریاں بہترین اور صورت حال بہت حوصلہ افزا ہے، ای سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، کانفرنس میں شرکت کے لیے کئی ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم تشریف لائے ہیں جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ’’ لائیو ایٹ فائیو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ بہت ہی اہم دور سے گزر رہا ہے اوردنیا بھر میں سیاسی و اقتصادی حوالے سے بھی بہت تبدیلیاں آ رہی ہی، اس وقت دنیا کا فوکس معیشت ہی کی طرف ہے کہ کس طرح سے علاقائی روابط استوار کیے جا رہے ہیں اور اقتصادی بلاکس بنائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ای سی او ریجن کے لوگوں کی بھی اپنے اس ریجن سے یہی توقعات وابستہ ہیں کیونکہ یہاں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اورمعدنی زخائر کے موجود ہونے کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت کچھ موجود ہے جس سے استفادہ حاصل کر کے خطے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ای سی اوکے ویژن2025 کے تحت پارلیمانی تبادلوں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے اندر نمایاں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

محمد نفیس زکریا نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے ویژن 2025 سے رکن ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک بنیادی ڈھانچے کے قیام اور علاقائی روابط بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی اقتصادی اور تجارتی راہداری بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان بہت اہم وقت میں اس (ای سی او)کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :