حکومت اگر پاکستانیوں کی خیرخواہ ہے تو عافیہ کو وطن واپس لا کر اخلاص ثابت کرے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

حکومت وقت قوم کی عزت اور بیٹی کی واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے، سیف الرحمان انتخاب عالم سوری کا31 مارچ کو عافیہ کا اغواء کا دن ملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

منگل 28 فروری 2017 19:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ میری بہن ایک محب وطن پاکستانی ہونے کی سزا کاٹ رہی ہے۔ وہ ملک میں حقیقی تبدیلی کی خواہشمند تھی ۔ تعلیمی انقلاب کے ذریعے قوم کے ہر بچے کو عزت ، وقار اور تحفظ دینے کا خواب لے کر وطن آئی تو ظالموں کو برداشت نہیں ہوا۔

معصوم بچوں سمیت ظلم کی یہ داستان 14 برس سے جاری ہے جو تہذیب یافتہ دنیا کے منہ پر ایک زناٹے دار طمانچہ ہے۔مارچ 2017 میں قوم کی بیٹی عافیہ کے قید ناحق میں 14 سال مکمل ہونے کے موقع پر وہ اپنی رہائش گاہ پر ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔اس موقع پر تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدرسیف الرحمان ، جماعت اسلامی جمشید ٹائون کے ذمہ دار فہیم اللہ خان،پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد، ، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم حمزہ صدیقی، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن ن کراچی کے جنرل سیکریٹری خلیل ستی، پاکستان ملت پارٹی کراچی کے رہنما حفیظ جتوئی، ہومین رائٹس نیٹ ورک کراچی زون کے صدر انتخا ب عالم سوری، درس قرآن نیٹ ورک کے رہنما شفیق اجمل، جوانان پاکستان کراچی کے رہنما نعیم خان،سوشل جسٹس نیٹ ورک کے رہنما ایڈوکیٹ ظہیر الحق،روزنامہ جرم کے چیف ایڈیٹر عبدالاحد، صحافی و کالم نگار حفیظ خٹک، عافیہ موومنٹ خواتین ونگ کی رہنما عذرا خان و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں پاکستان کے سیاسی و سماجی رہنما اظہار یکجہتی کیلئے شریک ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار بھی کریں گے کہ اب خاموش نہیں رہ سکتے۔ ظلم سہنا بھی تو ظلم کی حمایت ٹہرا... خاموشی بھی تو ہوئی پشت پناہی کی طرح پلیز، خاموش نہ رہیں۔ یہ ایک عافیہ کیلئے نہیں ہے ، یہ ہم سب کی مائوں ، بہنوں، بیٹیوں کے تحفظ کے لئے آواز ہے۔

یہ دنیا کی نظر میں پاکستانیوں کی عزت کیلئے آواز ہے۔ یہ بحیثیت قوم ہماری بقا کیلئے آواز ہے۔یہ سیاسی نعرہ نہیں، یہ ہر دل کی آواز ہے، یہ بھیک نہیں حق کی پکار ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 دن بعد آپ کی بہن، قوم کی بیٹی عافیہ کا یوم پیدائش ہے، 14 سال قید تنہائی میں ! قوم کیسے خوشیاں منائے گی میرا مطالبہ ہے کہ حکومت عافیہ سے ہماری ملاقات کرائے، امریکہ سے مطالبہ کرے کہ عافیہ کو سالگرہ پر آزادی کا تحفہ دے۔

ہماری حکومت اگر پاکستانیوں کی خیرخواہ ہے تو عافیہ کو وطن واپس لا کر اخلاص ثابت کرے، اپنے پچھلوں کے ظلم کی تلافی کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ 31 مارچ تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب ہماری بہن ہمارے اسی وطن کی سرزمین سے اٹھائی گئی ، میں اپنے ہی حکمرانوں سے اس کی واپسی کا مطالبہ کرتی ہوں یہ ان کا فرض ہے جسے وہ ادا کریں۔مٹ جائیں گے جب ہم، تب آواز اٹھائو گی ... ہم وطن ہو تو شور مچا کیوں نہیں دیتی میڈیا کے بھائیوں اور بہنوں سے گذارش ہے کہ 14 سال کے اس ظلم پر خاموش تو نہ رہیں، اللہ نے آپ کو ہماری آواز حکمرانوں تک پہنچانے کی طاقت دی ہے۔

پلیز پاکستان بھر میں اپنی غیرتمند قوم کے مطالبہ عافیہ کو واپس لائو کی بازگشت کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائیں، یہ قومی فریضہ بھی ہے اورانشاء اللہ آخرت سنوارنے کا ذریعہ بھی۔میں پریس کانفرنس میں شریک تمام لو گوں کی بے حد مشکور ہوں جو قوم کی بیٹی کی وطن واپسی کیلئے اس قومی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔تحریک پاکستان کراچی کے سینئر نائب صدر سیف الرحمان نے کہا کہ عافیہ قوم کی بیٹی اور عزت ہے۔

حکومت عافیہ کے معاملے کو کسی بھی ایشو سے جوڑنے کی بجائے اسے وہ آئینی تحفظ فراہم کرے جس کا ہر پاکستانی شہری حقدار ہے۔ حکومت وقت قوم کی بیٹی کی واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم حمزہ صدیقی نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کا فخر ہیںاور انہیں باعزت طریقے سے وطن واپس لایا جائے۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کریں۔ اس سلسلے میں جمعیت نے طلبہ میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے ’’ ڈاکٹر عافیہ سیل ‘‘ کے قیام کا اعلان کیا۔ ہومین رائٹس نیٹ ورک کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت پاناما اسکینڈل سے بچنے کیلئے قطری خطوط کو عدالت میں پیش کرسکتے ہیں لیکن پاکستانی شہری اورقوم کی عزت، غیرت اور بیٹی ڈاکٹر عافیہ کیلئے ایک خط نہیں لکھ سکتے ہیں۔

اگلے ہفتہ ہومین رائٹس نیٹ ورک کا وفد ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے اسلام آباد میں اعلیٰ حکام سے ملاقات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ پاکستانی تاریخ کا ہی نہیں دنیا کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب ایک بے گناہ ماں ڈاکٹر عافیہ کو اس کے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کرکے امریکیوں کے حوالے کیا گیا تھا۔ ہم یہ دن ملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔

پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا کہ 2 مارچ ہماری بہن عافیہ کا یوم پیدائش قوم اس غم کے ساتھ منائے گی کہ ہمارے حکمرانوں میںبہن بیٹیوں کی غیرت تک ختم ہوچکی ہے۔ہم 2 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ کے بچوں اور اہلخانہ کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے ان کے گھر آئیں گے۔ میری تمام دوستوں سے گذارش ہے کہ وہ بھی 2 مارچ کو سہہ پہر3 تا 5 بجے عافیہ بہن کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے تشریف لائیں اور میڈیا کے دوستوں سے بھی گذارش ہے کہ وہ قوم کے جذبات حکمرانوں تک بھرپور طور پر پہنچائیں۔اس موقع پر پریس کانفرنس کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ پورا کرے۔

متعلقہ عنوان :