وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے 220کے وی گرڈ سٹیشن چشتیاں کا افتتاح کردیا

حکومت ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ‘عابد شیر علی 0کے وی چشتیاں گرڈ سٹیشن سے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے 132کے وی کے 6گرڈ سٹیشنز کو بجلی مہیا کی جائیگی‘وفاقی وزیر مملکت

منگل 28 فروری 2017 19:04

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے 220کے وی گرڈ سٹیشن ..
لاہور/چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے ضلع بہاولنگر کے نزدیک این ٹی ڈی سی کے 220کے وی گرڈ سٹیشن چشتیاں کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی چودھری طاہر بشیر چیمہ سمیت دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور بجلی کے 10,000میگا واٹ سے زائد کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

220کے وی گرڈ سٹیشن چشتیاں اور 88کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے 2633ملین روپے کی رقم سے بروقت تعمیر کیا جس پر این ٹی ڈی سی کی مینجمنٹ اور انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

اس گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے ضلع بہاولنگر میں بجلی کا نظام مستحکم ہوا، وولٹیج لیول میں بہتری آئی ہے اور جبری لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے اور موسم گرما میں ٹرپنگ کے مسائل سے بھی چھٹکارا ملے گا۔

220کے وی چشتیاں گرڈ سٹیشن سے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے 132کے وی کے 6گرڈ سٹیشنز کو بجلی مہیا کی جائے گی۔ جو چشتیاں،بہاولنگر،حاصل پور ،نورسر، ہارون آباد، ڈاہرانوالہ اور فورٹ عباس کے شہری و دیہاتی علاقوں کی بجلی کی ضروریات پوری کرینگے ۔چودھری عابد شیر علی نے کہا کہ انہوں نے این ٹی ڈی سی ، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ساتھ مل کربجلی کے ترسیلی نظام کی90فیصد ؒ خامیوں کو دور کرلیا ہے اور ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے فائنل میچ کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے ۔ انہوں نے مقامی لوگوں کے اصرار پر چشتیاں اور دیگر علاقوں میں ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کی تین نئی سب ڈویژنز تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری کیے۔تقریب سے جنرل مینجر جی ایس سی این ٹی ڈی سی وجاہت سعید رانا نے بھی خطاب کیا اور این ٹی ڈی سی کے منصوبوں پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔ پچھلے 69 برسوں میں بجلی کے 75 منصوبے مکمل کئے گئے جبکہ آئندہ دو سالوں میں 10,000 میگاواٹ سے زائد 50 بجلی کے منصوبے مکمل ہونے جارہے ہیں اور ان سب سے بجلی کی پیداوار کو قومی گرڈ میں شامل کرنے کیلئے این ٹی ڈی سی نے گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن میں صوبہ پنجاب میں 8، بلوچستان میں 7، خیبر پختونخوا میں 10، سندھ میں 8 اور آزاد جموں و کشمیر میں 4 منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

یہ منصوبے خطیر رقم سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ این ٹی ڈی سی 1230 میگاواٹ آر ایل این جی بھیکھی اور 1320 میگاواٹ ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ کو 500 کے وی ٹرانسمیشن لائنز تعمیر کر کے قومی گرڈ سے منسلک کر چکی ہے جبکہ 1230 میگاواٹ آر ایل این جی حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی ٹرانسمیشن لائن بھی مکمل کر لی گئی ہے اور جلد ہی اس پاور پلانٹ کو قومی سسٹم میں شامل کر دیا جائے گا۔

سندھ میں زیرتعمیر پاور پلانٹس سے 4000 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کیلئے 878 کلومیٹر طویل مٹیاری تا لاہورایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ جو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مکمل کیا جائے گا جبکہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں 500 کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن زیرتعمیر ہے جس پر تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ اور دیگر بڑے منصوبے بھی زیرتعمیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے تحت ہر سال 300 سے زائد ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیز کے طلباء کو وظیفے کے ساتھ انٹرنشپ کرواتی ہے ۔ این ٹی ڈی سی نے مستقبل میں یہ منصوبہ بنایا ہے کہ جس علاقی/ گائوں میں این ٹی ڈی سی کا کوئی بھی پراجیکٹ تعمیر ہوگا وہاں پر مستحق طلبہ کی تعلیمی اخراجات کے ذریعے کفالت کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل تعلیم و تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ہنرمند بن سکیں ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ این ٹی ڈی سی کو گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کا ایک بہت بڑا انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ تاہم این ٹی ڈی سی مینجمنٹ انجینئرز اور سٹاف ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے تاکہ حکومت کے وعدے کے مطابق عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔ اس موقع پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، سی ای او میپکو سمیت این ٹی ڈی سی کے اعلی افسر بھی موجود تھے ۔