وفاقی دارالحکومت میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی تیاریاں زور و شور سے جاری جڑواں شہروں میں مقامی تعطیل ، سربراہ اجلاس کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا

منگل 28 فروری 2017 17:38

وفاقی دارالحکومت  میں  اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی تیاریاں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کل) بدھ کو ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقامی تعطیل کی گئی ہے، اجلاس کیلئے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، سربراہ اجلاس کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے 13 ویں سربراہ اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت کی شاہراہ دستور سبز پٹی کی زیبائش اور ای سی او سربراہان مملکت و حکومت کی تصاویر اور رنگ برنگ پھولوں سے سج رہی ہے۔ تنظیم کے کل 10 رکن ممالک ایران، ترکی، پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، کرغزستان اور قزاخستان کے سربراہان مملکت و حکومت کی آمد پر سڑکوں اور شاہراہوں کی صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

نہ صرف شاہراہ دستور بلکہ خیابان سہروردی، ایکسپریس وے، کشمیر ہائی وے اور جناح ایونیو سمیت تمام بڑی شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز اور سامان زیبائش سے آراستہ کیا گیا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد ہائی وے پر تمام پلوں پر ان سربراہان مملکت کی تصاویر کے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ پولیس کے اضافی دستے تمام اہم شاہراہوں پر تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے عام ٹریفک کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں۔ ای سی او سربراہ اجلاس جہاں پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کے بھارتی دعوے کی نفی ہے، وہاں یہ اجلاس سی پیک کی اہمیت کا بھی زبردست عکاس ہے۔

متعلقہ عنوان :