چیف آف آرمی سٹاف سے روسی سفیرکی ملاقات ،دو طرفہ فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق اور خطے کی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، روس کے ساتھ عسکری تعلقات بڑھانے کے نتیجے میں خطے میں مثبت اثرات پیدا ہوں گے،جنرل قمر جاوید باجوہ

منگل 28 فروری 2017 17:38

چیف آف آرمی سٹاف سے روسی سفیرکی ملاقات ،دو طرفہ فوجی تعاون بڑھانے پر ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی سفیر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق اور خطے کی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر میجر جنرل آصف غفور کے بیان کے مطابق منگل کے ر وز پاک فوج کے صدر دفتر جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ہونے والے اس ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ روس کے ساتھ عسکری تعلقات بڑھانے کے نتیجے میں خطے میں مثبت اثرات پیدا ہوں گے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ روسی سفیر نے پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور اس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کیا۔ بیان کے مطابق روسی سفیر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا جبکہ دہشتگردی کی مکمل بیخ کنی کے لئے آپریشن رد الفساد کے آغاز پر پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔۔۔( علی)