Live Updates

عمران خان بال ٹمپرنگ سے لیکر سول نافرمانی تک حساب دیں، رہنما مسلم لیگ ن

حساب مانگنے والے کے پاس اپنی جائیداد کا کوئی ثبوت نہیں،ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لئے جدوجہد کی اور جیلوں میں گئے،عمران خان آف شور کمپنیوں کے بانی اور بیرون ملک فنڈنگ سے اپنی پارٹی چلا رہے ہیں۔ ان کی سیاست جھوٹ اور الزامات پر مبنی ہے،حنیف عباسی،طلال چوہدری کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 28 فروری 2017 16:56

عمران خان بال ٹمپرنگ سے لیکر سول نافرمانی تک حساب دیں، رہنما مسلم لیگ ..
ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2017ء) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان سب سے بڑے چور اور آف شور کمپنیوںکے بانی ہیں۔ بیرون ملک فنڈنگ سے پارٹی چلا رہے ہیں۔ حساب مانگنے والے کے پاس اپنی جائیداد کا کوئی ثبوت نہیں، بال ٹمپرنگ سے لیکر سول نافرمانی تک حساب دیں۔ منگل کے روز سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان کے پاس جائیداد سے متعلق کوئی شواہد نہیں، ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لئے جدوجہد کی اور جیلوں میں گئے اس لئے انصاف کے لئے عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ میری پٹیشن میں دونوں فریقین کو سنا جائے تاکہ عمران خان کی اصلیت قوم کے سامنے آ جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سب سے بڑا چور ہے اور آف شور کمپنیوں کا بانی ہے جو بیرون ملک فنڈنگ سے اپنی پارٹی چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی سیاست جھوٹ اور الزامات پر مبنی ہے۔ عمران خان کے خلاف پٹیشن عدالت میں شواہد کے ساتھ جمع کرائی ہے۔ ہم نے جو الزامات لگائے ان کے ثبوت بھی دیئے ہیں اب عدالت فیصلہ کرے گی کہ عمران خان ملک میں سیاست کے حقدار ہیں یا نہیں انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک میں طنز و مزاح کی سیاست کو فروغ دیا حتیٰ کہ یہاں پاکستان کی ترقی اور وقار کی بات ہوتی ہے وہاں عمران خان رکاوٹ بن جاتے ہیں۔

انہوں نے تو پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں کرنے کی بھی مخالفت کی جسے پاکستانیوں نے مسترد کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ الزامات لگانا تو بہت آسان ہے لیکن جواب دینا بہت ہی مشکل ، عمران خان کے پاس اپنی جائیداد کا کوئی ثبوت نہیں اور یہی وجہ ہے دوسروں سے انصاف مانگنے والے اپنا حساب دینے کے بجائے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 70سال کا حساب دے دیا ہے اور ہر قسم کے حساب کے لئے تیار ہے لیکن اب عمران خان کی باری ہے وہ عدالت آئیں اور حنیف عباسی کی پٹیشن میں بال ٹمپرنگ سے لیکر سول نافرمانی تک کا حساب دیں۔ ہمیں امید ہے کہ حنیف عباسی کا کیس آدھا بھی سنا گیا تو عمران خان نا اہل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سی پیک عملی شکل اختیار کر رہا ہے لیکن عمران خان نے ذاتی خواہشات کی تکمیل کے لئے اس عظیم منصوبے کی بھی مخالفت کی لیکن اس کی مخالفت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی بلکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کے سفر پر گامزن رہے گا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات