وزیرداخلہ کی زیر صدارت اجلاس، ای سی او سمٹ سکیورٹی پلان کی منظوری

پاکستان آنیوالے سربراہانِ مملکت وحکومت اور غیر ملکی وفود کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی

منگل 28 فروری 2017 16:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2017ء) ای سی او سمٹ سیکورٹی کے حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرِ صدارت راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کا اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں ای سی او سمٹ کے لئے سیکورٹی پلان کی منظوری دی گئی۔ دورانِ سمٹ پاکستان آنے والے سربراہانِ مملکت، سربراہانِ حکومت اور غیر ملکی وفود کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لئے وزیرِ داخلہ کی ہدایت پر جڑواں شہروں میں یکم مارچ کو مقامی تعطیل جبکہ اٹھائیس فروری کو ایک بجے کے بعد تعلیمی اداروں اوردفاتر میں چھٹی کر دی جائے گی۔ دورانِ سمٹ جڑواں شہروں کے لئے ٹریفک پلان کی منظوری دی گئی، 28فروری سہ پہر سے یکم مارچ رات تک کشمیر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک عام ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔

یہ اقدامات سیکیورٹی کی ضروریات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے اور شہریوں کو تکلیف سے بچانے کی غرض سے کیے جا رہے ہیں۔ مری کشمیر سے آنے والی ٹریفک کنونشن سنٹر سے فیض آباد کے ذریعے کشمیر ہائی وے زیرو پوائنٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔ اسی طرح گولڑہ سے آنے والی ٹریفک کو زیرو پوائنٹ سے فیض آباد کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :