لیاقت آباد سے برآمد اسلحہ کا تعلق ایم کیوایم سے جوڑنا قابل مذمت ہے ، ندیم نصرت

منگل 28 فروری 2017 16:33

لیاقت آباد سے برآمد اسلحہ کا تعلق ایم کیوایم سے جوڑنا قابل مذمت ہے ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے رینجرز کی جانب سے کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے اسلحہ کی برآمدگی اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے جوڑنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسلحہ کی برآمدگی کو رینجرز کے متعصب اہلکاروں کا قسط وارڈرامہ قراردیا ہے ۔

ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھرکے عوام اچھی طرح واقف ہیں کہ گزشتہ تین برسوں سے ایم کیوایم کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ، رینجرزاورپولیس ایم کیوایم کے دفاتر اوربے گناہ کارکنان وہمدردوںکے گھروں پر غیرقانونی چھاپے ماررہی ہے ، بے گناہ مہاجرعوام کوبدترین ریاستی مظالم کا نشانہ بنایاجارہا ہے ، ان کا اپنے گھروں پر رہنا ناممکن بنادیاگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروسمیت سندھ بھر میں ایم کیوایم کے ہزاروں دفاترغیرقانونی طورپرسیل اورسینکڑوں علاقائی دفاتر مسمارکیے جاچکے ہیں اس کے باوجود ہرمرتبہ رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے دفاتر سے اسلحہ کی برآمدگی اور اسے ایم کیوایم سے وابستہ کرنے کاقسط وار ڈرامہ کرکے دنیا بھر میں خود اپنا تماشابنارہی ہے۔

پاکستان کے عوام حیران ہیں کہ ایک جانب لاہورکے علاقے ڈیفنس میں ہونے والے دھماکہ کے بارے میں ابھی تک قانون نافذ کرنے والے اداروںکو معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ دھماکہ خیز مواد تھا یا سیلنڈرکا دھماکہ تھا جبکہ کراچی میں رینجرز کے ہاتھوں برآمد ہونے والا اسلحہ نہ صرف خود بولتا ہے کہ اس کا تعلق ایم کیوایم سے ہے بلکہ وہ رینجرز کو یہ بھی بتادیتا ہے کہ یہ اسلحہ شہر میں دہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال ہونا تھا۔

ندیم نصرت نے کہاکہ پاکستان کے باشعورعوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایم کیوایم کے دفاتراسلحہ کی برآمدگی کے ڈرامہ کے پس پردہ رینجرز کے متعصب اہلکاروںکے کیا گھناؤنے مقاصد ہیں اور اس قسم کی ڈرامہ بازی کرنے والے کس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ندیم نصرت نے وزیراعظم پاکستان میاںمحمدنوازشریف ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ اورڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید سے مطالبہ کیاکہ رینجرز کے متعصب افسران واہلکاروں کی ڈرامہ بازیوں کا نوٹس لیاجائے ، ایم کیوایم کامیڈیاٹرائل بند کرایا جائے اورقانون نافذ کرنے والے ادارے کی ساکھ مجروح کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے ۔