قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کا اجلاس ، وزارت پانی و بجلی کے افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت، سندھ حکومت پر واپڈا کے واجبات کا ریکارڈ اور لوڈ شیڈنگ کی تفصیل طلب ، موجودہ دور حکومت میں کرائی گئی 562 یقین دہانیوں کی رپورٹ بھی طلب

منگل 28 فروری 2017 16:25

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کا اجلاس ، وزارت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں نے وزارت پانی و بجلی کے افسران کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ حکومت پر واپڈا کے واجبات کا ریکارڈ اور لوڈ شیڈنگ کی تفصیل طلب کرلی جبکہ موجودہ دور حکومت میں کرائی گئی 562 یقین دہانیوں کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔

منگل کو قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کو بتایا گیا کہ وزارت پانی و بجلی کے نوٹس میں آیا کہ نوٹس کے بعد تین یاددہانی کے خطوط ارسال کرنے کے با وجود بھی بروقت اختصاریہ نہ بھیجا۔ مجلس قائمہ نے اس بات کا بھی نوٹس لیا کہ وزارت پانی و بجلی نے ادھورا اختصاریہ تیار کیا اور بعض اہم معلومات کو اختصاریہ میں شامل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

مجلس قائمہ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری پانی و بجلی کو حکم دیا کہ وہ آئندہ اجلاس میں ذاتی طور پر شریک ہوں۔

مجلس قائمہ نے وزارت پانی و بجلی سے سندھ کے شہری اور دیہی علاقے میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ نیز سندھ حکومت کے ذمہ واپڈا کے واجبات کی تفصیل بھی طلب کر لی گئی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے مختلف وزراء کی طرف سے گذشتہ تین سالوں میں کرائی گئی یقین دہانیوں کی رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کے اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر نے کی جبکہ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی شہزادی عمر زادی ٹوانہ، محترمہ شگفتہ جمانی، ملک ابراراحمد، رجب علی بلوچ، عبدالمجید خان خنان خیل، سردار محمد عرفان ڈوگر، چوہدری محمد منیر اظہر اور سید ساجد مہدی نے شرکت کی۔