وزیراعظم محمد نواز شریف کادہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لئے چین کی سفارتی اور مادی حمایت کا خیرمقدم

ہر طرح کے حالات میں حمایت پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہر گذرتے دن کے ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، چین کے ساتھ دوستی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور ہے، سی پیک) گیم چینجر ہے جس سے خطے کے اربوں لوگوں کی زندگی بدلنے جا رہے ہیں وزیراعظم محمد نواز شریف کی ای سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے آمد پر چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ ژی ژوئی ژان سے گفتگو

منگل 28 فروری 2017 15:23

وزیراعظم محمد نواز شریف کادہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لئے چین کی سفارتی اور مادی حمایت کا خیرمقدم کیا ہے۔ وہ چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ ژی ژوئی ژان سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چین کی طرف سے ہر طرح کے حالات میں حمایت پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر گذرتے دن کے ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ اور یو این ایس سی 1267 کمیٹی کے معاملہ پر مسلسل حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں اور چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) گیم چینجر ہے جس سے خطے کے اربوں لوگوں کی زندگی بدلنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ای سی او کانفرنس میں خصوصی دعوت پر عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کے نمائندے کے طور پر ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ کی شرکت پر انہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا موضوع ’’علاقائی خوشحالی کے لئے رابطے‘‘ ہے جو کہ چین کی ون بیلٹ ون روڈ کے تصور سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے ای سی او ریجن اور اس سے آگے تک کے لئے تذویراتی ثمرات کے سلسلے میں مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ وہ چین کے صدر لی شن پنگ کی دعوت پر بیلٹ اینڈ روڈ فورم فار انٹرنیشنل کوآپریشن میں شرکت کے لئے مئی میں چین کا دورہ کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان میں چین کے سفیر سن وئی ڈونگ، ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل ژو کیان اور ایشیائی شعبہ کے قونصلر شین فنگ کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی، وزیراعظم کے سیکریٹری فواد حسن فواد، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔