میں نے کبھی تیتر کا شکار نہیں کیا آپ شیر کی بات کرتے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری

عرفان اللہ مروت سے ملاقات ضرور ہوئی لیکن پارٹی میں آنے یا نہ آنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔پیپلز پارٹی میں کسی کی بھی شمولیت میرا فیصلہ نہیں ہوتا۔پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا سکیورٹی رسک ضرور ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری کی حب میں میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 فروری 2017 15:18

میں نے کبھی تیتر کا شکار نہیں کیا آپ شیر کی بات کرتے ہیں۔ سابق صدر آصف ..
حب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 فروری 2017ء) : سابق صدر آصف علی زرداری نے حب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جانے کے بعد بلوچستان میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زخم ابھی تک نہیں دھلے۔ بلوچستان کے مسائل کو مل کر حل کرنا چاہئیے، لوگوں کو منقسم کر کے تبدیلی اور مضبوطی نہیں لائی جا سکتی۔ صحافی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ کیا آپ شیر کا شکار کرنے آئے ہیں؟ جس پر آصف علی زرداری نے مُسکراتے ہوئے صحافی کو جواب دیا کہ میں تو کبھی تیتر کا شکار بھی نہیں کیا اور آپ شیر کے شکار کی بات کر رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایسا صدر نہیں ہو گا جس نے رضاکارانہ اختیار چھوڑا ہو۔کم عقلی پر کئی غلطیاں ہو جاتی ہیں جنہیں بھرنے میں ہمیں صدیاں لگ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ چار سال سے جس ملک کا وزیر خارجہ نہ ہو اس ملک کی حکومت سے متعلق میں کیا کہوں؟ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جب سے اقتدار میں آئے ہیں بڑی چھوٹی سوچ رکھتے ہیں ۔

وہ نہیں سوچتے کہ مسائل پرعالمی طاقتوں سے رجوع کیا جانا چاہئیے۔ بچے بچے کو علم ہے کہ افغانستان میں بھارت ملوث ہے، انہوں نے کہا کہ عرفان اللہ مروت سے ہمارا واسطہ ہے ۔ عرفان اللہ مروت سے ملاقات ضرور ہوئی لیکن پارٹی میں آنے یا نہ آنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔پیپلز پارٹی میں کسی کی بھی شمولیت میرا فیصلہ نہیں ہوتا۔مردم شماری پر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس معاملے پر سب کو بیٹھ کر بات کرنا ہو گی۔لاہور میں پی ایس ایل فائنل میں شرکت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ کرکٹ میرا پسندیدہ کھیل نہیں ہے۔البتہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا سکیورٹی رسک ضرور ہے۔

متعلقہ عنوان :