چودھری نثارعلی خان پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، لیاقت خان

منگل 28 فروری 2017 15:08

چودھری نثارعلی خان  پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدرلیاقت خان نے کہاہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان کی ذات ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہے اور اُن پر تنقید کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔ منگل کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ چودھری نثار علی خان کا دامن صاف ہے اور ان کی خدمات کو تسلیم کیا جارہاہے۔

لیاقت خان نے مزید کہاکہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہونا پاکستانیوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے جو دشمنوں کے خوف و ہراس پھیلانے کے ناپاک عزائم کے خلاف جوابی اقدام ہے، پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں کامیابی سے انعقاد سے ہم دنیا پر ثابت کریں گے کہ ہم بزدل نہیں ہیں اور ہرطرح کے مشکل حالات کے باوجود ہم اپنے عزم و ہمت سے دشمن کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم دہشت گردی سے خوفزدہ ہو کر زندگی کے معمولات کو معطل نہیں کرسکتے، اگر ہم یہ فائنل لاہور میں نہیں کراتے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم دہشت گردوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین کو پی ایس ایل کے حوالے سے مثبت بیان دینا چاہئے تھا، کرکٹ کسی ایک پارٹی یا صوبے کا کھیل نہیں ہے اور ہمیں اس کو سیاست سے بالاتر ہوکرنکتہ نظر سے دیکھناہوگا۔