سرچ آپریشن کے دوران کسی خاص کمیونٹی کو ہدف بنانے ،امتیازی سلوک کا تاثر قطعی بے بنیاد ہے ،پختون ہمارے بھائی ہیں‘ وزیر قانون

پختونوںکو پنجاب میں رہنے ، کاروبار کرنے کا اتنا ہی حق حاصل ہے جتنا کسی اور کو ہے ،نام نہاد رہنما سیاسی پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں جو ملک دشمنی ہے پختونوں کے تحفظات سے متعلق امیرمقام کی سربراہی میں کمیٹی پنجاب میں مقیم پختونوں کے کوائف کی جانچ پڑتال کے دوران شکایات کا ازالہ کریگی‘ رانا ثنا اللہ دہشتگردی کیخلاف جنگ پورے ملک کی ہے ، پشتونوں کیخلاف کوئی ناروا سلوک نہیں کیا جا رہا ،آپریشن میں خواتین اہلکار ، لوکل نمائندہ بھی ہونا چاہیے پختون ہی آئی ڈی پیز بنے اور سب سے زیادہ قربانیا ں دیں ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونی چاہیے ‘ امیر مقام/میڈیا سے گفتگو

منگل 28 فروری 2017 15:02

سرچ آپریشن کے دوران کسی خاص کمیونٹی کو ہدف بنانے ،امتیازی سلوک کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے پنجاب میں جاری سرچ کے دوران کسی خاص کمیونٹی کو ہدف بنانے یا امتیازی سلوک کے تاثر کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں آباد پختون ہمارے بھائی ہیں انہیں یہاں رہنے اور کاروبار کرنے کا اتنا ہی حق حاصل ہے جتنا کسی اور کو ہے ،سندھ اور خیبر پختوانخواہ میں نام نہاد سیاسی جماعتیں اور رہنما سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرتے ہوئے پنجاب کیخلاف نفرت پھیلا کر ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں جو ملک دشمنی ہے ،پختونوں کے تحفظات سے متعلق امیرمقام کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو پنجاب میں مقیم پختونوں کے کوائف کی جانچ پڑتال کے دوران شکایات کا ازالہ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر سینیٹر امیر مقام کے ہمراہ 180ایچ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا ہ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما امیر مقام کی سربراہی میں وفد نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور پنجاب میں پشتون آبادی سے مبینہ طور پر نسلی تعصب پر مبنی سلوک کے حوالے سے پائے جانے والے تاثر پر گفتگو کی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا ہ میں بعض نام نہاد سیاسی لیڈر پنجاب کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں اور پنجاب کی ترقی کے خوف سے اپنی نااہلی چھپانا چاہتے ہیں اوراسی نااہلی کی سیاست کے باعث سندھ اورخیبرپختونخوا ہ میں ہر معاملے کو پنجاب کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی خیبر پختوانخواہ میں اور پیپلزپارٹی سندھ میں منفی سیاست کررہی ہے اور دونوں ہی جماعتیں کرپشن کے باعث اعتماد کھو بیٹھی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اس تاثر پر وزیراعلی شہبازشریف نے پولیس کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ آپریشن ’’رد الفساد ‘‘اور کومبنگ آپریشن میں شہریوں کومشکلات پرمعذرت خواہ ہیں تاہم ان کارروائیوں کے بغیر دہشتگردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں ناکام نہیں بنایا جا سکتا۔وزیراعلی پنجاب نے امیرمقام کو یقین دلایا ہے کہ پنجاب میں آباد پختون ہمارے بھائی ہیں، پختونوں کے تحفظات سے متعلق امیرمقام کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، یہ کمیٹی پنجاب میں مقیم پختونوں کے کوائف کی جانچ پڑتال کے دوران شکایت کا ازالہ کرے گی۔

تمام صوبوں کے لوگ ہمارے بھائی ہیں ،سب نے مل کردہشت گردی کا مقابلہ کرناہے،سرچ آپریشن میں کسی کے خلاف امتیازی سلوک نہیں کیا جارہا ۔امیر مقام کی قیادت میں وفد نے جو تجاویز دی ہیں ان پر عملدرآمد کرتے ہوئے پوری کوشش کی جائے گی کہ سرچ آپریشن کے دوران لوگوں کی چار دیواری کے تحفظ اور عزت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔میں امیر مقام کو یقین دلاتا ہوں کہ انہوں نے اجلاس میں جن خدشات کا اظہار کیا ہے اور وزیراعلی شہباز شریف نے جو فیصلے کیے ہیں ان پر بھرپور عملدرآمد ہوگا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو اقدامات کیے جائیں گے ان میں کسی کمیونٹی کو کوئی خدشہ نہیں ہونا چاہیے ۔

انہوںنے کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد بارے سوال کے جواب میں کہا کہ سکیورٹی خدشات پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان میں ہیں، ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے، پوری قوم کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہو ،اس فیصلے کو پاگل پن کہنا عمران خان کا اپنا پاگل پن ہے، ہم لاہور میں کسی بھی ناخوشگور واقعے سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، پی ایس ایل فائنل کے موقع پر فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔

وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پورے ملک کی ہے ، پشتونوں کے خلاف کوئی ناروا سلوک نہیں کیا جا رہا ۔وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے یقین دلایا ہے کہ پنجاب میں آباد پختون ہمارے بھائی ہیں ۔تحفظات تھے کہ سرچ آپریشن میں خواتین اہلکار اور لوکل نمائندہ بھی ہونا چاہیے ۔دہشتگردی کے خلاف جنگ پورے ملک کی ہے ، معاملے کو سیاسی مسئلہ بنانا مناسب نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی نسل ، قوم اور مذہب نہیں ہوتا ۔دہشتگردی کے خلاف پختون ہی آئی ڈی پیز بنے اور سب سے زیادہ قربانیا ں دیں ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونی چاہیے ۔ امیر مقام نے ملک بھر میں نادرااور پاسپورٹ کے معاملات کو یکساں کرنے پر بھی زور دیا۔