Live Updates

حنیف عباسی کی پٹیشن کے بعد عمران خان کی حقیقت قوم پر عیاں ہو جائے گی، دوسروں سے حساب مانگنے والے کے پاس اپنی اولاد،جائیداد اور اپنے والد کا حساب بھی نہیں، محمد نواز شریف پاکستان کی ترقی کا پہیہ نہیں رکنے دیں گے اور ہر وہ کام کریں گے جو پاکستان کی ترقی کا ہوگا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

منگل 28 فروری 2017 14:05

حنیف عباسی کی پٹیشن کے بعد عمران خان کی حقیقت قوم پر عیاں ہو جائے گی، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کی پٹیشن کے بعد عمران خان کی حقیقت قوم پر عیاں ہو جائے گی، دوسروں سے حساب مانگنے والے کے پاس اپنی اولاد،جائیداد اور اپنے والد کا حساب بھی نہیں، محمد نواز شریف پاکستان کی ترقی کا پہیہ نہیں رکنے دیں گے اور ہر وہ کام کریں گے جو پاکستان کی ترقی کا ہوگا۔

منگل کویہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں دوڑ دوڑ کر الزام لگانے والے عمران خان کے جواب دینے کے دن آگئے ہیں، عمران خان کے وکیل اب دوڑتے اور بچتے پھر رہے ہیں کہ حنیف عباسی صاحب کی پٹیشن کی تاریخ نہ لگے کیونکہ اس پٹیشن کی تاریخ لگنے کے بعد عمران خان قوم کے سامنے عیاں ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ دوسروں سے حساب مانگنے والے عمران خان کے پاس اپنی اولاد،جائیداد اور اپنے والد کا حساب بھی نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس کیس کی سماعت کے بعد عمران خان دو چار سال نہیں سو سال کے لئے نا اہل ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد ، بنی گالہ، بال ٹیمپرنگ، جوئے اور سول نافرمانی کی کال کاحساب دی، ہم آپ سے حساب لینے آئے ہیں اگر آپ نے چوری نہیں کی تو پھر تلاشی کیوں نہیں دیتے، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں ۔

طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کوئی استثنیٰ حاصل نہیں کیا، انہوں نے اپنے مرحوم والد ،بچوں اور اپنے تین نسلوں کو عدالت کے سامنے پیش کر دیا ہے، ہم سے ستر سال کا حساب مانگا جائے گا تو وہ بھی دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی ضد ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی کا پہیہ نہیں رکنے دیں گے اور ہر وہ کام کریں گے جو پاکستان کی ترقی کا ہوگا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے ترقی اورچین کے صدر کا دورہ رکنے کی کوشش کی ، وہ(عمران خان) کہا کرتے تھے کہ چین کے صدر پاکستان نہیں آئیں گے لیکن سی پیک عملی شکل اختیار کر چکا ہے، پاکستان ترقی کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب عمران خان کی باری ہے ، عمران خان سے گزشتہ پانچ سال کا حساب مانگا ہے وہ یہ حساب بھی نہیں دے رہے ، ہم عمران خان کا اصل چہرہ قوم کو دکھائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات