چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سے کراچی پورٹ کا کردار بڑھ جائے گا، گورنر سندھ

منگل 28 فروری 2017 13:05

چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سے کراچی پورٹ کا کردار بڑھ جائے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے اور سنہری دور کا آغاز ہو جائے گا جس میں کراچی پورٹ کا کردار مزید بڑھ جائے گا، اس ضمن میں پورٹ کی وسعت انتہائی ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین وائس ایڈمرل (ر) شفقت جاوید سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ملکی معیشت میں کے پی ٹی کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملکی درآمدات و برآمدات میں کے پی ٹی کی اہمیت سب پر عیاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے فروغ میں کراچی پورٹ کی اہمیت بڑھنے سے روزگار کے وسیع مواقع بھی دستیاب ہوں گے جبکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ ملاقات میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین وائس ایڈمرل (ر) شفقت جاوید نے گورنر سندھ کو پورٹ کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔