ملک بھر میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، درجنوں مشتبہ افراد گرفتار

کراچی سے گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات یاسر سواتی گروپ سے ہے، پولیس

منگل 28 فروری 2017 12:45

ملک بھر میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، درجنوں مشتبہ افراد ..
لا ہو ر ،کرا چی،پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2017ء) ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے آپریشن کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ملک بھرمیں آپریشن ’’ردالفساد‘‘ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کراچی میں سائٹ اے تھانے کی حدودمیں دہشت گردوں کی اطلاع پر پولیس نیقبرستان میں چھاپا مارا جہاں چھپے ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت صاحب زادہ اور محمد عثمان کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات یاسر سواتی گروپ سے ہے جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم اور ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

گبول ٹاؤن میں بھی کارروائی کے دوران پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کیا گیا جب کہ شریف آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، سولجربازار میں بھی پولیس نے کارروائی کے دوران 2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں حساس اداروں اور ایلیٹ کمانڈوز نے کومبنگ آپریشن کیا جس کے دوران حافظ آباد، ونیکے تارڑ اور سکھیکی سمیت مختلف علاقوں سے 98 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 67 افراد کو تصدیق کے بعدرہا کردیا گیا جب کہ خطرناک اشتہاریوں، عدالتی مفرور، مویشی چوروں اور منشیات فروشوں سمیت شناخت نہ کروانے والے 30 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔

کوٹ مومن میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا اور علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور کوائف مکمل نہ ہونے پر 15 افراد کو حراست میں لے لیا۔پشاور پولیس نے چمکنی میں سرچ آپریشن کے دوران 200 سے زیادہ گھروں کی تلاشی لی، آپریشن کے دوران اشتہاری سمیت 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 شارٹ مشین گن، 4 پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

متعلقہ عنوان :