پختون ہمارے بھائی ہیں اور انہیں پنجاب میں رہنے کا پورا حق حاصل ہے۔وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 فروری 2017 12:19

پختون ہمارے بھائی ہیں اور انہیں پنجاب میں رہنے کا پورا حق حاصل ہے۔وزیرقانون ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 فروری۔2017ء) وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے صوبے میں پختونوں کے ساتھ نسلی اور لسانی سلوک روا رکھنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختون ہمارے بھائی ہیں اور انہیں پنجاب میں رہنے کا پورا حق حاصل ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما امیر مقام کی صدارت میں پختون افراد کے وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں بعض نام نہاد سیاسی جماعتیں اور سیاسی رہنما پنجاب کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی قابل مذمت ہے کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرتے ہوئے لوگوں کو خوفزدہ کرکے ان کی ہمدردیاں حاصل کی جارہی ہیں، یہ ملک دشمنی ہے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سرچ آپریشنز میں عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس صورتحال پر وہ شہریوں سے معذرت خواہ ہیں۔ صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ اجلاس میں امیر مقام اور وفد کے شرکاءنے جو تجاویز دی ہیں ان پر عملدرآمد کرتے ہوئے پوری کوشش کی جائے گی کہ سرچ آپریشن کے دوران لوگوں کی چار دیواری کے تحفظ اور عزت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں امیر مقام کو یقین دلاتا ہوں کہ انہوں نے اجلاس میں جن خدشات کا اظہار کیا ہے اور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جو فیصلے کیے ہیں ان پر بھرپور عملدرآمد ہوگا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو اقدامات کیے جائیں گے ان میں کسی کمیونٹی کو کوئی خدشہ نہیں ہونا چاہیئے۔پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لاہور میں انعقاد پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں ہونا پوری قوم کی خواہش ہے۔

یاد رہے کہ 13 فروری کو مال روڈ پر خودکش حملے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پنجاب کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا آغاز کیا تھا۔حملے کے چند روز بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک خط جاری کیا تھا جس میں پولیس حکام کو مختلف شہروں کی سیکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :