ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کاآپریشن جاری: درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 فروری 2017 11:44

ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کاآپریشن جاری: درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 فروری۔2017ء) ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا آپریشن جاری ہے جس کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ملک بھرمیں آپریشن ”ردالفساد“ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کراچی میں سائٹ اے تھانے کی حدودمیں دہشت گردوں کی اطلاع پر پولیس نے قبرستان میں چھاپا مارا جہاں چھپے ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت صاحب زادہ اور محمد عثمان کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات یاسر سواتی گروپ سے ہے جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم اور ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

گبول ٹاون میں بھی کارروائی کے دوران پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کیا گیا جب کہ شریف آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، سولجربازار پولیس نے بھی ایک کارروائی کے دوران 2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پنجاب میں کے مختلف علاقوں میں حساس اداروں اور ایلیٹ کمانڈوز نے کومبنگ آپریشن کیا گیا جس کے دوران حافظ آباد، ونیکے تارڑ اور سکھیکی سمیت مختلف علاقوں سے 98 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 67 افراد کو تصدیق کے بعدرہا کردیا گیا جب کہ خطرناک اشتہاریوں، عدالتی مفرور، مویشی چوروں اور منشیات فروشوں سمیت شناخت نہ کروانے والے 30 افراد کو گرفتارکرلیا گیا۔

کوٹ مومن میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا اور علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور کوائف مکمل نہ ہونے پر 15 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔پشاور پولیس نے چمکنی میں سرچ آپریشن کے دوران 200 سے زیادہ گھروں کی تلاشی لی، آپریشن کے دوران اشتہاری سمیت 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 شارٹ مشین گن، 4 پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

دوسری جانب سکھر کے بس ٹرمینل کے قریب سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد خلیل عرف جلیل کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد کا تعلق لشکر جھنگوی سے ہے جوبلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔لاہور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بارودی مواد ،ڈیٹو نیٹراور دیگر سامان برآمد کیا۔

اٹک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران پولیس نے سات مشکوک افراد کوگرفتار کرلیا۔ حافظ آباد اور لودھراں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے کومبنگ آپریشن کے دوران 137افراد کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔سانگھڑ اور خیرپورکے مختلف علاقوں سے22افغان باشندوں کو حراست میں لےکر ملزمان کے قبضے سے غیرملکی کرنسی برآمدکرلی گئی۔

متعلقہ عنوان :