نیب کی کارروائی ، اربوں روپے کے مالک سابق پولیس کانسٹیبل بیٹے سمیت گرفتار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 فروری 2017 11:03

نیب کی کارروائی ، اربوں روپے کے مالک سابق پولیس کانسٹیبل بیٹے سمیت ..
حیدر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 فروری 2017ء) : نیب نے حیدر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے جائیداد کے مالک سابق پولیس کانسٹیبل کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔ نیب حکام کے مطابق کاروائی میں نقدی، سونا اور جائیداد کے کاغذات بھی برآمد کیے گئے جن کی مالیت اربوں روپے ہے۔ نیب نے لطیف آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے سابق پولیس کانسٹیبل محمد یوسف کو 25 فروری اور اس کے بیٹے عارف یوسف کو 26 فروری کو گرفتار کیا۔

نیب حکام نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ کارروائی کے نتیجے میں 4 ارب روپے مالیت کی جائیداد کے کاغذات سمیت 20 ملین ایرانی ریال، 745 سعودی ریال،3 ہزار 405 متحدہ عرب امارات درہم ،1.2 ملین روپے مالیت کے پرائز بانڈز، 16 اونس سونا اور 20 ملین روپے مالیت کی نقلی جیولری برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

تمام برآمدات یوسف کے گھر اور بزنس پراپرٹی پر چھاپے کے دوران کی گئیں۔

قومی احتساب ادارہ (نیب) کے حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 20 بنک اکاؤنٹس کے ڈیپازٹ سلپس سمیت ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا جس سے صاف ظاہر تھا کہ یوسف کا اربوں روپے میں لین دین جاری تھا۔ متعدد بنک اکاؤنٹس نجی بنکوں میں تھے۔ مزید برآں 20 بے نامی اکاؤنٹس بھی دریافت کیے گئے۔ مجرم نے اپنے بیان میں 30 ملین روپے مالیت کا شادی ہال سمیت دیگر جائیداد کی ملکیت کا بھی اعتراف کیا۔

نیب حکام نے محمد یوسف کے گھر سے 14.3 ملین روپے مالیت کی 10 گاڑیاں بھی ضبط کیں۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ محمد یوسف ہیڈ کانسٹیبل تھا جسے کرپشن الزامات پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ جبکہ محمد یوسف کا بیٹا عارف یوسف حاضر سروس پولیس کانسٹیبل ہے۔ ابتدائی تفیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ دونوں باپ بیٹا دیگر متعدد سرکاری افسران کی ملی بھگت سے کام کر رہے تھے۔مجرم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے حیدرآباد کی احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :