بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے مرحوم رکن اسمبلی گل محمد دمڑ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش

اسمبلی اجلاس میں مرحوم رکن ، سانحہ سیہون شریف، لاہور اورکوئٹہ دھماکے میں شہید ہونیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی

پیر 27 فروری 2017 22:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے مرحوم رکن اسمبلی گل محمد دمڑ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی فلور پر انہوں نے رواداری کی سیاست کوفروغ دیا اورہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا یہی وجہ ہے کہ دو مرتبہ قومی اسمبلی اورایک مرتبہ بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، اجلاس میں مرحوم رکن اسمبلی سانحہ سیہون شریف، لاہور دھماکے اورکوئٹہ دھماکے میں کمانڈر عبدالرزاق کی شہادت پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی، اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے تعزیتی قرارداد ایوان میں پیش کی، پیر کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں منعقد ہوا،اسپیکر نے مرحوم رکن اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اس معزز ایوان کے رکن تھے اور دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے ان کی مثبت سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمات پر ایوان انہیں خراج عقیدت پیش کرتاہے الله تعالیٰ مرحوم کو جواررحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔

(جاری ہے)

بعدازاں اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی2مارچ تک موخر کردی قبل ازیں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے تعزیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم جے یو آئی سے وابستہ تھے، حاجی گل محمد دمڑ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی سے اپنے حلقے سے رکن منتخب ہوئے تھے انکی علاقے کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں اس لیے جمعیت علماء اسلام نے ان کے بیٹے کو ٹکٹ دیا ہے،انہوںنے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باجود مرحوم گل محمد دمڑ نے روادری کی سیاست کو ترجیح دی ہیں آج ہم انہیں انکی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ڈپٹی اپوزیشن لیڈرو عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے جنازے میں موسم کی خرابی کے باوجود ہزاروں لوگوں کی شرکت ان کی عوامی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے اس لیے ہماری پارٹی نے اپنا امیدوار مرحوم حاجی گل محمد دمڑ کے بیٹے کے حق میں دستبردار کیا ،اپوزیشن رکن سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے مشکور ہیں جنہوں نے جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدوار کے حق میں اپنے امیدوار دستبرادارکرایا،صوبائی وزیر اور نیشنل پارٹی کے رہنماء سردار اسلم بزنجو نے مرحوم حاجی گل محمد دومڑ کو ان کی خدما پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی نے مرحوم کے بیٹے کے حق میں اپنے امیدوار کو دستبردار کرایااور یہیں بلوچستان اسمبلی کی روایات رہی ہے ۔

پشتونخوا میپ کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ مرحوم نے اسمبلی فلور پر رواداری کی سیاست کو فروغ دیا ،انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی محسوس ہوتی رہی گی ،صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا کہ حاجی گل محمد دومڑ 4سال تک بلوچستان اسمبلی میں احسن طریقے سے اپنے علاقے کے مسائل کو اجاگر کرتے رہے ،اراکین اسمبلی میرعاصم کردگیلو ،شاہدہ رئوف،کشورجتک،حسن بانو نے بھی مرحوم رکن اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم انتہائی شریف النفس انسان تھے اورانہوں نے عوام کے مسائل کو بہترانداز میں اجاگر کیا الله تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے اورپسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔