زائد مسافر بٹھانے پر پی آئی اے کپتان اور عملے کو شوکاز نوٹس

پیر 27 فروری 2017 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) نے کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز میں گنجائش سے زائد مسافروں کو سوار کرانے کے معاملے پر جہاز کے کپتان سمیت عملے کے 2 ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ 20 جنوری کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی ای) کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 743 میں اضافی مسافروں کے سوار ہونے کے باعث 7 مسافر 3 گھنٹے سے زائد کی پرواز کے دوران کھڑے رہنے پر مجبور رہے جو فضائی سفر کے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

بوئنگ 777 ایئرکرافٹ میں جمپ سیٹس کے ساتھ 409 نشستوں کی گنجائش ہوتی ہے ،ْپی آئی اے کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 743 میں 416 مسافر سوار تھے تاہم پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی نے پرواز میں مسافروں کے کھڑے ہوکر سفر کرنے کی میڈیا رپورٹس کو مبالغہ آرائی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو سوار کرنے کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق تحقیقات کے بعد پی آئی اے نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جہاز کے کپتان کیپٹن انور عادل سمیت عملے کے 2 ارکان سینئر ایئرہوسٹس حنا تراب اور ٹرمینل مینیجر اکبر علی شاہ کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق کیپٹن انور عادل شوکاز کے بعد جہاز نہیں اڑا سکیں گے، دوسری جانب قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) بھی ان کے خلاف تحقیقات کررہی ہے ۔دوسری جانب پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی نے شوکاز جاری ہونے کی تصدیق نہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام متعلقہ افراد کے خلاف انضباطی کارروائی کی جاچکی ہے۔