افغانستان ،ْفضائی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کے سینئر کمانڈر ملا عبدالسلام اخوند ہلاک

فضائی کارروائی کے دوران ملا عبدالسلام اخوند اور 8 دیگر طالبان ہلاک ہوئے ،ْ پولیس افسر شیر عزیز

پیر 27 فروری 2017 22:03

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں ہونے والی فضائی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کے سینئر کمانڈر ملا عبدالسلام اخوند ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک سینئر طالبان عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ ڈرون حملے میں ملا عبدالسلام اخوند سمیت 3 جنگجو ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

مذکورہ طالبان عہدیدار کے مطابق ملا عبدالسلام اخوند کچھ دن کے سفر کے بعد دشتے آرچی کے علاقے میں اپنے گھر میں ٹھہرے تھے کہ ڈرون کے ذریعے سے میزائل فائر کیا گیا غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ملا اخوند کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔دوسری جانب امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک امریکی جنگی جہاز نے قندوز میں اتوار کو کارروائی کی، تاہم کمانڈ کو نتائج کے حوالے سے تصدیق موصول نہیں ہوئی۔شمالی افغانستان کے ایک سینئر پولیس کمانڈر شیر عزیز کماوال نے بتایا کہ فضائی کارروائی کے دوران ملا عبدالسلام اخوند اور 8 دیگر طالبان ہلاک ہوئے۔