Live Updates

پوری قوم پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا خیر مقدم کر رہی ہے ،ْراناثناء اللہ

پوری قوم نے دہشتگردوں کو پیغام دے دیا ہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں ،ْ عمران خان پاگل پن کی باتیں کر رہے ہیں ،ْ گفتگو

پیر 27 فروری 2017 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پوری قوم پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا خیر مقدم کر رہی ہے ،ْپوری قوم نے دہشتگردوں کو پیغام دے دیا ہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں ،ْ عمران خان پاگل پن کی باتیں کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کی منظوری گزشتہ روز ہونے والے ایک اہم اجلاس میں دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے سلسلے میں سیکیورٹی کے پانچ مختلف مراحل ہوں گے جس کے ایک ایک نقطے پر غور کیا جائے گا اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل کو کامیاب بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شائقین کو کرکٹ سٹیڈیم کے پاس اتارا جائے گا اور وہ سیکیورٹی کے مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد ہی اسٹیڈیم میں داخل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقادکا فیصلہ بلاشبہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہی نے کیا لیکن اس فیصلے سے پہلے انہوں نے سیکیورٹی اداروں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بہت تفصیل سے مشاورت کی ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ہمارے کرکٹ شائقین کے لیے ایک بہت بڑی خوشخبری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہمیں اس فائنل میچ کے لیے جو وقت بتایا ہے وہ شام کا ہی ہے جس کی سرگرمیاں شام 4 بجے سے ہی شروع ہو جائیں گی جو رات 11بجے تک جاری رہیں گی جس دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

عمران خان کے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروائے جانے کی مخالفت کے بیان پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے لاہور میں یہ میچ کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور دہشتگردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم دہشتگردی سے ڈرنے والے نہیں ہیں لیکن عمران خان پاگل پن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات