Live Updates

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہی ہونا چاہیے ،ْاسی صورت میں دہشت گردوں کو موثر جواب دیا جاسکتا ہے ،ْپرویز مشرف

ہم لاہور میں فائنل نہیں کراتے تو ہم دہشت گردوں کا مقصد پورا کردیں گے ،ْ سابق صدر

پیر 27 فروری 2017 22:03

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ ) پرویز مشرف نے کہاہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہی ہونا چاہیے اور اسی صورت میں دہشت گردوں کو موثر جواب دیا جاسکتا ہے۔پرویز مشرف نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم یہ فائنل لاہور میں نہیں کراتے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم دہشت گروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

اگر اس فائنل کے لیے بھرپور سکیورٹی فراہم کی جاسکتی ہے تو اسے ہر حال میں لاہور میں ہی ہونا چاہیے۔پرویز مشرف نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کا مقصد اسی فائنل کو روکنا تھا اور اگر ہم لاہور میں فائنل نہیں کراتے تو ہم دہشت گردوں کا مقصد پورا کردیں گے۔پرویز مشرف نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے پر سخت افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سب سے بڑا نقصان پاکستانی شائقین کو ہوا ہے جو ملک میں کرکٹ دیکھنے سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سری لنکا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں دہشت گردی کے باوجود کرکٹ نہیں رکی تاہم پاکستان میں صرف ایک واقعہ کو بنیاد بناکر اسے کئی برسوں سے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم کردیا گیاہے ،ْ یہ سراسر پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور اس میں ہمارے دشمن ملوث ہیں جو دباؤ ڈال کر دوسروں کو بھی ہمارے خلاف بہکا رہے ہیں۔ اس صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنا موثر کردار ادا کرے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ ہم کراچی اور لاہور کے درمیان صحت مندانہ مقابلہ دیکھتے آئے ہیں لیکن اب ایسا دکھائی دیتا ہے کہ جیسے یہ غیرصحت مندانہ مقابلہ ہوگیا ہے۔ یقیناً اس بار یہ فائنل لاہور میں ہورہا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ کراچی میں بھی فائنل کرائے کیونکہ کراچی اور لاہور کرکٹ کے نقطہ نظر سے دو بڑے شہر ہیں۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات