تجارتی مصلحت اور دوستی کی خواہش نے ملکی عزت ،وقار اور سلامتی کودائوپرلگادیا ہے‘میاں مقصوداحمد

ہندوستان کے گھنائونے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 27 فروری 2017 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فورسز آئے روزسرحدوں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرکے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔ لائن آف کنٹرول پرمسلسل جارحیت کاارتکاب کرکے ہندوستان ہمارے صبر کوآزمارہا ہے۔

جب تک بھارت کو اس کی زبان میں جواب نہیں دیاجاتا وہ بازنہیں آئے گا۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے تو دوسری جانب وہ اپنی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ذریعے پاکستان کے اندر اپنے مذموم مقاصداور ناپاک عزائم کو کامیاب بنانے کے لیے دہشتگردی کی کاروائیاں کروارہا ہے ۔

(جاری ہے)

افسوس ناک امر یہ ہے کہ اتنا سب ہونے کے باوجود ہمارے حکمران خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

تجارتی مصلحت اور دوستی کی خواہش ملکی عزت،وقار اور سلامتی کوقربان کرکے پوری نہیں کی جاسکتی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت لائن آف کنٹرول پربھارتی جارحیت اور پاکستان میں دہشتگردانہ کاروائیوں کے حوالے سے حقائق عالمی برادری کے سامنے لائے۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاکرچکا ہے۔برھان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک2سو سے زائد افراد کوشہید اور 15ہزار سے زائدکو زخمی کرچکا ہے۔

خواتین کے ساتھ بے حرمتی اور نوجوانوں کو حق خود ارادیت کی آوازبلند کرنے کی پاداش میں عقوبت خانوں میں ڈالاجارہا ہے۔مقبوضہ کشمیرمیں جاری حالیہ تحریک آزادی نے بھارتی ایوانوں میں ہلچل مچاد ی ہے۔ہندوستان عالمی برادری کی جموں وکشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں مسلسل بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کاسلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے لیکن اس کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

اقوام متحدہ اور عالمی امن اور انسانیت کا درد رکھنے والے ممالک کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں اداکرنی چاہئیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ہندوستان پاکستان کی مخالفت میں حواس باختہ ہوچکا ہے اور اپنے تربیت یافتہ دہشت گردوں کے ذریعے وطن عزیز میں تباہی پھیلانے کی کوشش کررہاہے۔اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان کے اصل گھنائونے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :