ضلع جھنگ کو روشنی کا ایساتعلیمی قلعہ بنائیں گے جو پورے ملک میں روشن ہوگا‘رانا مشہود احمد خاں

حکومت اربوں روپے کے فنڈ ز سے بنیادی اورمعیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے‘صوبائی وزیر

پیر 27 فروری 2017 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ضلع جھنگ کو روشنی کا ایساتعلیمی قلعہ بنائیں گے جو پورے ملک میں روشن ہوگااس ضمن میں حکومت اربوں روپے کے فنڈ ز سے بنیادی اورمعیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے،سکول جانے والے بچوں کا تعلیمی اداروں میں سو فیصد داخلہ یقینی بنایا جائیگا تاکہ -"پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب " پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

یہ بات انہوںنے گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر میں ضلع جھنگ کے سو سکولوں میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشنکلاس رومزکے قیام کے حوالہ سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر غازی امان اللہ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی ریاض احمد سوہی، پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین پروفیسر مسز عابدہ شہباز،محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات اور طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاںنے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ سٹاف ڈویلپمنٹ، ضلعی حکومت اوریونیسف کے باہمی اشتراک سے ضلع جھنگ کے سو سکولوں میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کلاس رومزکا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس سے معیاری تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی۔تقریب کے آغاز میں بچوں کی طرف سے مختلف ٹیبلو شو پیش کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ سے پاکستان بیس بڑی معیشت کے ممالک میں سے ایک بڑی معیشت بننے جا رہا ہے جس سے دیگر ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ سے دہشتگردی جیسے ناسور کو جڑ سے اکٹھاڑنا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے اساتذہ کرام کو ہدایت کی کہ وہ طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کیلئے ان کی بھرپورحوصلہ افزائی کریں اور آگے بڑھنے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے حوالہ سے خود اعتمادی پیداکریں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

دریں اثناء صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے سرکٹ ہائوس میںارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کلاس رومز کے قیام ، مانیٹرنگ، راہنمائی اور اساتذہ کی تربیت اور آگہی کے حوالہ سے محکمہ تعلیم کے ماسٹر ٹرینرز کے ساتھ میٹنگ کی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے گورنمنٹ گرلزہائر سیکنڈری سکول سٹیلائٹ ٹاون اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول جھنگ صدر کا دورہ کیااورسکولوں میں کمپیوٹر لیبز،بائیو لیب اورہائر بلاک سمیت مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلباء و طالبات سے تعلیم کے فروغ اور معیار کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں ۔

اس دوران انہوںنے سکولوں میں معمولی نوعیت کے زیر تکمیل کاموں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ صوبائی وزیر نے سکول انتظامیہ کو تاکید کی کہ روزانہ کی بنیاد پر اساتذہ کی حاضری کو چیک کریں اورصفائی ستھرائی اوردیگر سیکورٹی انتظامات کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کومزید موثر اور فعال بنائیں۔

متعلقہ عنوان :