پوری قوم دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے افواج پاکستان کے ساتھ ہے،لیاقت بلوچ

دہشتگرد مساجد،امام بارگاہوں،خانقاہوں اور دینی مدارس کو اپنا ہدف بنا رہے ہیں ،2018ء کے انتخابات بڑا چیلنج ہونگے ، پانامہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر آئیگا ،حافظ آباد میں میڈیا سے بات چیت

پیر 27 فروری 2017 22:02

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن کے لئے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے بڑی قربانیا ں دیں آج پوری قوم دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے افواج پاکستان کے ساتھ ہے ۔قومی سلامتی کے خلاف کی جانے والی شر پسند کارئیوں کو سختی سے روکا جائے ۔

حافظ آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات عامر وسیم سندھو کے چچا حاجی بشیر احمد سندھو مرحوم کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد مساجد،امام بارگاہوں،خانقاہوں اور دینی مدارس کو اپنا ہدف بنا رہے ہیں ،دہشتگردوں کی ان کارروائیوں کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک افغان تعاون کی جو پالیسی اختیار کی گئی اب وقت ا ٓگیا ہے کہ اس پالیسی پر بھی نظر ثانی کی جائے انکا کہنا تھا کہ دینی جماعتوں کیلئے 2018ء کے انتخابات بڑا چیلنج ہونگے ،دینی قیادت کو انتخابی محاذ پر عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا ۔ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عوام کو جماعتیں بدلنے والے نام نہاد سیاستدانوں کوسمجھنا ہو گا،عوام مسائل میں اضافہ کرنے والے سیاستدان قومی مجرم ہیں ۔

انکا کہنا تھا کہ پارٹیاںچھوڑنے والوں کی بڑی ہمت ہے اور جو انہیں قبول کرتے ہیں ان پارٹیوں کی شرم وحیا کی بھی بڑی ہمت ہے انکا کہنا تھا کہ عوام توقع رکھتی ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر آئیگا اور کرپشن کی بیخ کنی ہو گی،،کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور مظالم کو روکنے کے لئے بھر پور اور موئثر کاروائی کی جانا چاہیے ۔