پیمراکااجلاس ،29 ٹی وی چینلوں کی طرف سے گلبرگ لاہور میں بم دھماکے کی جعلی خبرنشر کرنے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے پر تشویش کا اظہار

مناسب اقدامات کے ذریعے اس طرح کے واقعات کے اعادہ کا سدِباب کیاجائے، ٹی وی چینلوں کو پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کا پابند بنائیں،ممبران

پیر 27 فروری 2017 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) پیمرا اتھارٹی کا 125واں اجلاس پیر کو پیمرا ہیڈکوارٹرز میںمنعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئر مین پیمرا ابصار عالم نے کی جبکہ اس میں شرکت کرنے والے اراکین میں چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیوڈاکٹر محمد ارشاد، ممبر پنجاب نرگس ناصر اور ممبر خبیر پختونخواہ شاہین حبیب اللہ بھی شامل تھے۔

دورانِ اجلاس اتھارٹی ممبران نے چیئر مین سے استفسار کیا کہ پیمرا نے لاہور ہائی کورٹ کے 23نومبر 2016کے فیصلے جس میں ڈی ٹی ایچ لائسنسز کی نیلامی کو کالعدم قرار دیا گیا تھا کے خلاف ابھی تک سپریم کورٹ میں اپیل کیوں نہیں دائر کی ۔ اتھارٹی ممبران نے چیئر مین پیمرا کو فوری طور پر عدالت عظمیٰ میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کو کہا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںالیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے درپیش اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔مزیدبراں ممبران نے 29 ٹی وی چینلوں کی طرف سے گلبرگ لاہور میں بم دھماکے کی خلاف حقائق جعلی خبرنشر کرنے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔ اتھارٹی کے ارکان نے پیمرا چیئر مین کو ہدایت دی کہ وہ مناسب اقدامات کے ذریعے اس طرح کے واقعات کے اعادہ کا سدِباب کریں اور ٹی وی چینلوں کو پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کا پابند بنائیں تا کہ وہ اپنی ادارتی نگرانی اور اندرونی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری لے کر آئیں۔ اتھارٹی نے -"جادو ٹونے "اور "فحاشی "پر مبنی پروگرام دکھائے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :