صوبائی حکومت نے میرٹ کی بالادستی اوروسائل کے منصفانہ تقسیم کویقینی بنایاہے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

امن، بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے اور مزید فروغ دینے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،ْ حافظ حفیظ الرحمن

پیر 27 فروری 2017 22:02

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے مختصر مدت میں تمام اداروں میں میرٹ کی بالادستی اور وسائل کے منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا ہے۔ حکومتی پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے گلگت بلتستان پورے ایشیاء میں پرامن خطہ قرار پایا ہے جو ہم سب کیلئے باعث فخر ہے۔

امن، بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے اور مزید فروغ دینے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،ْ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ پہلی مرتبہ گلگت بلتستان میں میگا منصوبوں کا آغاز ہورہا ہے۔ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں وہ گلگت میں علماء کرام اور دیگر وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پہلی مرتبہ پی ایس ڈی پی کی1کھرب سے زیادہ کے میگا منصوبے گلگت بلتستان کے لئے منظور ہوئے۔ ان منصوبوں کی تعمیر سے عوام کی زندگی تبدیل ہوگی جبکہ تعمیرات سمیت تمام اداروں کو واضح ہدایات دیئے ہیں کہ ترقیاتی کاموں کے رفتار اور معیار میں کسی قسم کی نااہلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت منصوبوں کو اپنے دور حکومت میں مکمل کرائے گی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں عوام کی شراکت کو یقینی بنایا جارہاہے تاکہ عوام کو ملکیت کا احساس ہو۔ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ سابق حکومت کی ناقص منصوبہ بندی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچے تھے۔ گلگت بلتستان کی ترقی کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

معاشرے کی ہر شہری کو بھی ترقی کے اس سفر میں اپنے حصے کی شمع روشن کرناچاہئے تاکہ ایک باشعور قوم کا ثبوت ملے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ سیپ سکول اساتذہ کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کئے جائیں گے پہلے مرحلے میں جن سکولوں کی عمارتیں موجود ہیں ان سکولوں کے اساتذہ کو مستقل کیا جائے گا جس کے بعد بتدریج دیگر اساتذہ کے بھی مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوں گے جس کیلئے آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔

محکمہ تعلیم، صحت اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو گلگت کے بعد سکردو اور تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی جس سے گلگت بلتستان ایک صاف اور مثالی خطہ بن جائے گا۔صحت کے شعبے میں بھی انقلابی اصلاحات متعارف کرائے ہیں عوام کو بھی ترقی کے اس سفر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں مسلم لیگ ن کے ورکروں اور عہدیداروں کو جنہوں نے علاقے کی ترقی اور میرٹ کی بالادستی کیلئے ہر وقت ہمارا ساتھ دیا ہے کبھی بھی کسی غیرقانونی اور میرٹ کیخلاف کوئی مطالبہ نہیں کیا۔