اسلام آباد ،ْسابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کی حوالگی سے متعلق انٹراکورٹ اپیل پرفیصلہ محفوظ

پیر 27 فروری 2017 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ آف پاکستان سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کی حوالگی سے متعلق انٹراکورٹ اپیل پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دورکنی بینچ نے انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احسن الدین شیخ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر افتخار محمد چوہدری کو گاڑی فراہم کی گئی جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے اعتراض اٹھایا کہ سابق چیف جسٹس کو گاڑی رکھنے میں دلچسپی نہیں تو شیخ احسن الدین نے کس قانون کے تحت درخواست دائر کی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کررکھی ہے۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے گاڑی اسلام آبادہائیکورٹ میں طلب کی تھی۔