کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کراچی کی ترقی میں اہم اور یادگار کردار ادا کیا ہے ، ڈی جی ناصر عباس

پیر 27 فروری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کراچی کی ترقی میں اہم اور یادگار کردار ادا کیا ہے اور ماضی کی ر وایات کو برقرار رکھتے ہوئے آج بھی شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہا ہے جس کے ثمرات بہت جلد نمایاں ہوں گے۔

کے ڈی اے کی تحلیل کے 14 برس کے دوران قبضہ مافیا کی طرف سے قبضہ اور غیر قانونی طور پر فروخت کردہ تمام پلاٹوں اور ان پر کی گئی تعمیرات کا مکمل ریکارڈ مرتب کرکے قابضین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے گلستان جوہر ڈویژن کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے گلستان جوہر ڈویژن کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور افسران و ملازمین کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں غیر فعال افسران و ملازمین کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایسے تمام افسران و ملازمین کو وارننگ لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کی اور انتظامی افسران کو عملے کی حاضری یقینی بنانے اور اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کے ڈی اے گلستان جوہر ڈویژن کے دفتر میں واٹر بورڈ اور کے ایم سی کے زیر استعمال دفاتر کو فوری طور پر خالی کرانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر بابر بشیر نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی کے ڈی اے کو یقین دہانی کرائی کہ گلستان جوہر میں ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل حل کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور جلد ہی یہاں مثبت تبدیلیاں اور نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔دورہ کے دوران ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ سیکریٹری کے ڈی اے توفیق احمد سومرو و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :