محکمہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں ، میئر کراچی وسیم اختر

پیر 27 فروری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس محکمے کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں تاکہ ناگہانی حادثات اور قدرتی آفات میں شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جاسکے، سرچ اور ریسکیو کے آپریشن کا دائرہ شہر کے دور دراز علاقوں تک وسیع ہونا چاہئے جس کے لئے عملے کو جدید تربیت اور ضروری آلات سے مزین اور ہمہ وقت تیار رکھا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی دوپہر اپنے دفتر میں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے منعقدہ ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل سید محمد شکیب، سرچ اینڈریسکیو ٹیم لیڈر نعیم یوسف، ڈپٹی ٹیم لیڈر ہمایوں خان اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی، اس موقع پر میئر کراچی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میونسپل سروسز کے تحت قائم اربن سرچ اینڈ ریسکیو یونٹ کا دائرہ کار سندھ اور بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے ناگہانی حادثات یا قدرتی آفات رونما ہونے پر یہ ٹیم فوری فعال ہوجاتی ہے ماضی میں اسلام آباد اور بلوچستان میں آنے والے زلزلے میں بھی اس ٹیم نے خدمات انجام دی ہیں اور ریسکیو آپریشن کے دوران بہت سی قیمتی انسانی جانیں بچانے کا کام انجام دیا ہے، اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے عملے کو عالمی سطح کے ماہرین نے جدید تربیت دی ہے اور یہ ادارہ اپنے قیام کے بعد سے ہی مکمل طور پر سرگرم ہے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ دور میں سرچ اینڈ ریسکیو کے کام کی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے خاص طور پر بڑے شہروں میں جہاں بلند و بالا تعمیرات موجود ہیں اور صنعتی علاقے تیزی سے بڑھ رہے ہیں،ناگہانی حادثات کی صورت میں سرچ اینڈ ریسکیو کی اشد ضرورت ہے تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ اس اہم ترین کام پر مامور عملہ جدید آلات سے آراستہ ہو اور بہترین حکمت عملی اپنا کر شہریوں کی جان و مال کو بچانے کی کوشش کرے، انہوں نے کہا کہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے شعبے کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی تاکہ یہ شعبہ پہلے سے بھی زیادہ بہتر انداز میں شہریوں کی خدمت کا فریضہ انجام دے سکے۔

متعلقہ عنوان :