نہر خیام اور اطراف کے علاقے کو ازسرنو ڈیزائن کیا جا رہا ہے جس سے اس علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، میئر کراچی وسیم اختر

پیر 27 فروری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ نہر خیام اور اطراف کے علاقے کو ازسرنو ڈیزائن کیا جا رہا ہے جس سے اس علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو یہاں مختلف تفریحی سہولیات دستیاب ہوں گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی، واٹر بورڈ اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ اس سلسلے میں ایک پیج پر ہے اور یہ تمام ادارے مشترکہ طور پر علاقے کی بہتری کے لئے کام کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح کلفٹن میں نہر خیام کے دورے پر کیا اس موقع پر ایڈیشنل سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ عارفین منہاس، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کچی آبادی و انسداد تجاوزات نذیر لاکھانی، ڈائریکٹر ٹیکنیکل سید محمد شکیب ، ایس ای سائوتھ واٹر بورڈ آفتاب چانڈیو، جمیل یوسف ، سابق کلکٹر کسٹمز طارق ہدیٰ، کنسلٹنٹ شاہد عبداللہ اور یونس ایم شیخ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے نہر خیام کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ نہر خیام کو گہرا کرنے کا عمل جاری ہے اور اب تک ہزاروں ٹن گاربیج نکالا جاچکا ہے جبکہ نہر خیام کے ساتھ قائم تمام تجاوزات ختم کردی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ نہر خیام کے ساتھ گزرنے والی سڑک کو مزید 10 فٹ کشادہ کرنے کے بعد اطراف میں فٹ پاتھ بھی بنائی جائے گی جبکہ شہریوں کے بیٹھنے کے لئے یہاں بینچیں بھی نصب ہوں گی ، انہوں نے کہا کہ سیوریج کی نکاسی کا پرانا مسئلہ حل کرنے کے لئے یہاں نئی پائپ لائن بھی ڈالی جارہی ہے جس کے لئے واٹر بورڈ کو تیزی سے کام کرنے کے لئے کہا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ نہر خیام سے ملحقہ جگہ پر تجاوزات قائم ہونے کی وجہ سے خاص طور پر مون سون کے موسم میں برساتی پانی کی نکاسی ایک بڑا مسئلہ بن گئی تھی جبکہ نہر خیام میں مسلسل کچرا پھینکنے کی وجہ سے نالہ میں سطح آب بھی کافی بڑھ گئی تھی تاہم اب ان تمام مسائل کو حل کیا جا رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کم سے کم وقت میں نہر خیام اور اطراف کے علاقے کو دلکش اور باسہولت بنا دیا جائے ، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ نہر خیام کی چینلائزیشن اور اطراف کے علاقے سمیت ازسرنو ڈیزائننگ کرنے کا کام تیزی سے انجام دیں اور اس کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ قائم رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد نہر خیام اور اطراف کے علاقہ خوبصورت اور دلکش ہوجائے گا اور تجاوزات کی وجہ سے یہاں پیدا ہونے والے روزمرہ مسائل سے بھی نجات ملے گی۔

متعلقہ عنوان :