اساتذہ بچوں کو ایسی تعلیم دیں کہ انہیں پرائیویٹ ٹیوشن کی ضرورت پیش نہ آئے، ڈپٹی میئر کراچی

ذاتی ترجیحات کے بجائے بچوں کے بہتر مستقبل کو پیش نظر رکھیں،’او لیول‘ اور’اے لیول‘ فیشن بن گیا ہے، ہمارے بچے ہماری ذمہ داری ہیں،ارشد عبداللہ وہرہ

پیر 27 فروری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے اساتذہ بچوں کو ایسی تعلیم دیں کہ انہیں پرائیویٹ ٹیوشن کی ضرورت پیش نہ آئے۔ ذاتی ترجیحات کے بجائے بچوں کے بہتر مستقبل کو پیش نظر رکھیں۔’’او لیول‘‘ اور ’’اے لیول‘‘ فیشن بن گیا ہے۔ ہمارے بچے ہماری ذمہ داری ہیں ، ان کا مستقبل نہ بن سکا تو ہم سب اس کے ذمہ دار ہوں گے۔

ضلع وسطی میں آغا خان اسکول سے ماڈل پروجیکٹ کی شروعات کردی ہیں۔کراچی کے دیگر اسکولوں میں بھی یکساں اور بہتر معیار تعلیم متعارف کرائیں گے۔ یہ بات انہوں نے آغا خان اسکول حسین آباد کے دورے میں ایجوکیشنل اسٹاف، اساتذہ اور تعلیمی کمیٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں ڈپٹی میئر کراچی نے آغا خان اسکول کی عمارت میں قائم پانچ اسکولوں کے کلاس روم، فرنیچر اور دیگر سہولیات کا تفصیل سے معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسکول کی ہیڈمسٹریس اور انتظامی عملہ بھی موجود تھا۔ ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی میں قائم اس اسکول کو ماڈل پروجیکٹ کے طور پر لیا گیا ہے جس کے تحت ایک ہی اسکول بلڈنگ میں قائم دو یا زائد اسکولوں کو ایک اسکول میں ضم کرکے تعلیمی معیار کو یکساں بنانے اور بتدریج ابتدائی جماعتوں کو انگلش میڈیم میں منتقل کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو اپنے بچوں کی تعلیم کے لئے معیاری درس گاہ دستیاب ہوگی اور ان لوگوں کو بھی اس سے فوائد ہوں گے جو مہنگے پرائیویٹ اسکولوں میں اپنے بچوں کو بھیجنے کی استطاعت نہیں رکھتے، انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ پر عملدرآمد سے قبل تمام پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس عمل میں تدریسی عملے اور محکمہ تعلیم ضلع وسطی کے ساتھ ساتھ زیر تعلیم طلبا و طالبات کے والدین کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے تاکہ عملدرآمد کے بعد اس کے بہترین نتائج سامنے آسکیں، ڈپٹی میئر کراچی نے اس موقع پر آغا خان اسکول کی ہیڈ مسٹریس اور سینئر اساتذہ کو اس حوالے سے دو دن میں تجاویز دینے کی ہدایت کی جبکہ مزید پیشرفت کے لئے طلبا و طالبات کے والدین کو بھی ان کی رائے حاصل کرنے کے لئے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ڈپٹی میئر کراچی نے تعلیمی اسٹاف پر زور دیا کہ مل جل کر اسکول کی چار دیواری میں تعلیمی نظام کو بہتر بنائیں، آئندہ ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ ایک ہی اسکول میں مختلف معیار کی تعلیم دی جائے اسی لئے ہیں اب یہاں یکساں معیار تعلیم لے کر آرہے ہیں جس میں ٹیچرز اور دیگر عملے کو تعاون کرنا ہوگا، ہمیں بلاوجہ بچوں پر آکسفورڈ کی پڑھائی کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہئے، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا انگلش کورس دستیاب ہے جسے استعمال کیا جاسکتا ہے اس موقع پر موجود ٹیچرز اور تعلیمی کمیٹی کے ارکان نے ڈپٹی میئر کراچی کی رائے سے مکمل اتفاق کیا اور ماڈل اسکول پروجیکٹ پر عملدرآمد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :