کراچی کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرینگے ، یہاں صنعتی پہیہ تیز رفتار ی سے چلانے کے عمل کو یقینی بنائیں گے،محمد زبیر

صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، صنعتکار و تاجر اپنے اپنے شعبوں کے مسائل پر تفصیلی ورکنگ پیپر ز بنائیں ہر صورت حل کیا جائیگا ، گورنر سندھ کی ایف پی سی سی آئی کے صدر طفیل زبیر کی قیادت میں وفد سے گفتگو

پیر 27 فروری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ صنعتی یونٹس کی مزید فعالیت و ترقی کے لئے وزیر اعظم ذاتی طور پر بھرپور مصروف عمل ہیں اس ضمن میں ملک بھر میں صنعتی جال پھیلانے اور سامان کی نقل و حرکت مزید تیز کرنے کے لئے ہنگامی طور پر موٹرویز بھی بنائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی و معاشی حب کراچی میں بھی ہنگامی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ سی پیک منصوبہ کے ثمرات سے بروقت بھرپور استفادہ حاصل کیا جاسکے جبکہ صنعتی یونٹس کو مزید فعال کرنے کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ایک مربوط اور جامع حکمت عملی بھی ترتیب دی جارہی ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر طفیل زبیر کی قیادت میں گورنر ہائوس ایک وفد سے گفتگو میں کیا ۔

(جاری ہے)

وفد میں ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے نائب صدر مرزا اختیار بیگ، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے نائب صدر الحاج دھنی بخش میمن ، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے سابق سینئر نائب صدرخالد تواب، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے سابق نائب صدر ممتاز شیخ ، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے سینئر ممبر سینیٹر عبد الحسیب خان ، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے سابق نائب صدرارشد فاروق، (FPCCI) کے سینئر ممبر ڈاکٹر اختیار بیگ ، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے سابق نائب صدر گلزار فیروز،سینئر ممبر عبد السمیع خان ، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے سابق نائب صدر شکیل احمد ڈھنگرا، ایف پی سی سی آئی(FPCCI) کے سابق نائب صدردائود عثمان جھاکورااورسید مظہر علی ناصر شامل تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کو معاشی نقشہ پر جگہ دلانے کے لئے ہم سب کو مل کر کو ششیں کرنا ہوگی یہاں صنعتی پہیہ تیز رفتار ی سے چلانے کے عمل کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حب کراچی میں صنعت کاروں اور تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے اس سلسلہ میں صنعت کار و تاجر اپنے اپنے شعبوں کے مسائل پر تفصیلی ورکنگ پیپر ز بنائیں انھیں ہر صورت حل کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کریں گے اس ضمن میں نجی شعبے بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہو سکیں ۔ملاقات میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر طفیل زبیر نے گورنر سند ھ سے درخواست کی کہ صنعتی ترقی میں انفرااسٹرکچر کی فوری بحالی ناگزیر ہے اس سلسلہ میں گورنر سندھ وفاقی حکومت کے تعاون سے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے تناظر میں کراچی کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گا منصوبہ کی تکمیل سے قبل کراچی کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گورنر ہائوس سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اپنے ہر مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ گورنر ہائوس کی طرف ہی دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کے صنعتی زون میں انفرااسٹرکچر کی بحالی ، ایف بی آر میں ٹیکسز کے حصول اور وفاقی و صوبائی ٹیکسز میں یکسانیت نہ ہونے جیسے مسائل تاجروں کو درپیش ہیں اس حوالہ سے فوری اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ صنعتی فعالیت مزید تیز رفتاری سے ہو سکے۔

گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے قبل معاشی و اقتصادی لحاظ سے کراچی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :