عوامی فلاح و بہبود کے لئے مزید موثر قانون سازی کی ضرورت ہے ،گورنر سندھ

بحیثیت گورنر کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیساتھ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی قائم کروں، محمدزبیر صوبہ میں جاری میگا پروجیکٹس کی تکمیل کے لئے وفاقی حکومت بھرپور فنڈنگ کررہی ہے، ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدر ی سے گفتگو

پیر 27 فروری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبد الغفور حیدر ی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ملاقات میں جاری صورتحال ، عوامی فلاح و بہبود کے لئے موئثر قانون سازی اور اہمیت کے حامل دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں جمعیت العلما اسلام (ف) کے رہنما قاری عثمان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ بحیثیت گورنر میری پوری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی کو مزید فروغ دوں ،انقلابی اقداما ت سے ہی تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکتا ہے، صوبہ میں جاری میگا پروجیکٹس کی تکمیل کے لئے وفاقی حکومت بھرپور فنڈنگ کررہی ہے اس ضمن میں میری وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس میںانھوں نے جاری میگا پروجیکٹس کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ میں سینٹ کا کردار کلیدی رہا ہے ، عوامی فلاح و بہبو د کے کاموں میں تیزی لانے کے لئے مزید موئثر قانون سازی کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں سینٹ اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ ملاقات میں ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبد الغفور حیدری نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وہ گورنر سندھ کی نشاندہی پر عوامی فلاح وبہبو د کے کاموں میں مزید تیزی لانے کے لئے موئثر قانون سازی کے لئے اقدامات اٹھائیں گے تاکہ ادارے مزید فعال کردار ادا کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت گورنر آپ عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں ہم سب کو اسی وژن کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ ہم سب کا ایک ہی نظریہ ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں اور آئینی عہدے بھی ہم سے یہی تقاضہ کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :