Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں چیک اینڈ بیلنس کا اصول اپنایا ہے،مشتاق غنی

صوبے میں اسلام کے نام پر سیاست کرنیوالوں نے اپنے دور اقتدار میں صوبے کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا، نجی سود پر پابندی ، پانچویں جماعت تک ناظرہ اور چھٹی جماعت سے قرآن مجید کا ترجمہ لازمی قرار دینا تحریک انصاف حکومت کا کارنامہ ہے،ترجمان خیبرپختونخواحکومت

پیر 27 فروری 2017 23:35

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں چیک اینڈ بیلنس کا اصول اپنایا ہے،مشتاق ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کے برعکس تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے صوبے میں چیک اینڈ بیلنس کا اصول اپنایا ہے جہاں پر وزیر اور ارکان صوبائی اسمبلی کو جوابدہی کے کڑے امتحان سے گزرنا پڑتا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر اور قابل تقلید ہے، ہم نے صوبے میں ایک ایسا نظام وضع کیا جس میں کسی بھی عوامی شکایا ت کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے، صوبے میں اسلام کے نام پر سیاست کرنے والوں نے اپنے دور اقتدار میں صوبے کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا، نجی سود پر پابندی ، پانچویں جماعت تک ناظرہ اور چھٹی جماعت سے قرآن مجید کا ترجمہ لازمی قرار دینا تحریک انصاف حکومت کا کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دورہ سوات کے دوران سوات پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پر سوات پریس کلب کے نو منتخب صدر شہزاد عالم اور ان کی کابینہ کے حلف لینے کے بعد انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ جدید دور میں میڈیا کی اہمیت میں دگنا اضافہ ہوا ہے اور موجودہ صوبائی حکومت ایک صحافت دوست حکومت ہے جس نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کیا ہے۔

مشتاق احمد غنی نے مذید کہا کہ تحریک انصاف تبدیلی کے ایجنڈے پر گامزن ہے اور اسی ایجنڈے کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے کرپٹ اور چور سیاستدانوں کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ پختون ایک آزاد اور باشعور قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت پولیس ایک مکمل فورس بن چکی ہے، حکومت کے اصلاحاتی اقدامات سے تمام سرکاری اداروں میں واضح بہتری سامنے آئی ہے اور ہر شہری کو بلا کسی ذاتی تعلق اور رشوت کے انصاف میسر آ رہا ہے ۔

انہوں نے سوات پریس کلب کی نو منتخب کابینہ سے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صحافتی برادری کے مسائل اور حقوق کیلئے اپنا آئنی فرض ادا کرے گی۔انہوں نے سوات میں صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام کیلئے ڈپٹی کمشنر مینگورہ کو اراضی کے انتخاب کیلئے ہدایت کی اس کے علاوہ سوات پریس کلب کیلئے بیس لاکھ روپے کی مالی امداد ، مینگورہ میں ایک گورنمنٹ کالج اور سوات یونیورسٹی کے وومن کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات