شہر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے تک انسدادِ تجاوزات مہم جاری رہے گی

تجاوزات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،شیخ انصر عزیز

پیر 27 فروری 2017 23:34

شہر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے تک انسدادِ تجاوزات مہم جاری رہے گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ شہر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے تک انسدادِ تجاوزات مہم جاری رہے گی، تجاوزات نہ صرف شہر کی قدرتی خوبصورتی اور ماحول کو تباہ کرتی ہیں بلکہ کاروباری سر گرمیوں کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہیں، کاروباری طبقے خصوصاً کاروباری تنظیمیںانسداد تجاوزات مہم میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ شہر سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور تجاوزات کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں پیر کے روز انسدادِ تجاوزات کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے متعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گذشتہ ہفتے 17 تا23 فروری انسداد تجاوزات کی 71 کاروائیوں عمل میں لائی گئی جن میں سے 46 کاروائیوں کے دوران غیر قانونی تعمیرات تقریباً09 کمروں کو مسمار کر کے سرکاری اراضی خالی کروائی گئی جبکہ 05 غیر قانونی حد بندی کی دیواریں، تین جھگیاں، پانچ چھپر ٹی سٹال و ہوٹل، 07 پھلوں اور سبزیوں کے اسٹال، 02 موچی اور08 نائیوں کے ٹھیے بھی ختم کیے گئے۔

07گاڑیاںنا قابلِ استعمال بشمول 477 چیزیںتجاوزات ختم کر تے ہوئے قبضہ میں لے کر سٹور میں جمع کروا دی گئیں۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں عارضی اور مستقل تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے جس میں اسلام آباد کے سیکٹر G-10 اورمرکزG-10 میں دکانوں کے برآمدوں میں قائم کردہ تجاوزات کو بھی ختم کیا گیا ہے جبکہ گھروں کے باہر بنائے گئے غیر قانونی کار شیڈ از خود ختم کرنے کے لیے باقاعدہ نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں اور نوٹس کی معیاد ختم ہونے کے بعد ان غیر قانونی کار شیڈز کو بھی گرا دیا جائے گا۔

میئر اسلام آباد وہ چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد میںتجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ملک کے خوبصورت دارالحکومت کو مزید خوبصورت اور صاف ستھرا رکھنے کیلئے میٹروپولیٹین کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اسلام آباد کو وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق ماڈل شہر بنایا جا سکے۔