حکومت دہشت گردوں کے آگے سرنڈر نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی،دانیال عزیز

پیر 27 فروری 2017 23:34

حکومت دہشت گردوں کے آگے سرنڈر نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ورکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کے آگے سرنڈر نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ افغان باشندے غیر قانونی طور پر یہاں رہ رہے ہیں اور دنیا جانتی ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں جہاں سے پاکستان میں حملے کیے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل لاہور میں کرائے جانے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند اور جرات مندانہ ہے اور سب دیکھیں گے کہ پورا قذافی سٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوا ہو گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ اور سرچ آپریشنز جاری ہیں، سب کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں کی جا رہی ہیں ، رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے جو بھی اقدامات کرنے پڑے کریں گے اور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے، ہماری مسلح افواج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے خاتمے اور ملکی امن و امان کے لیے جو لازوال قربانیاں دی ہیں انہیں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشت گردی کی باقیات کا بھی خاتمہ کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کیس کے حوالے سے تحریک انصاف عدالت عظمیٰ میں کوئی ایک بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکی، ہم اور ہماری قیادت عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں لیکن عدالت کے فیصلوں پر بیان بازی کرنے والوں کو چاہیئے کہ وہ ایسے بیانات سے گریز کریں۔

متعلقہ عنوان :