نیئر بخاری کی مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں سے ملاقات،اے پی سی میں شرکت کی دعوت

ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال

پیر 27 فروری 2017 22:58

ْ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سینئر رہنمائوں سے ملاقات کی۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے علامہ ناصر عباس جعفری کو پیپلز پارٹی کی طرف سے بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنس (APC)میںسابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے شرکت کی دعوت بھی دی جسے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے قبول کیا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں دونوں رہنمائوں نے اپنے وفود کے ہمراہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔اس موقعہ پر نیئر بخاری نے ملک میں امن و امان کے حقیقی قیام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

قومی معاملات ملک کی معتدل جماعتوں کے مابین اتفاق رائے وقت اولین ضرورت ہے جس کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے آل پارٹیز کانفرنس کا اعلان کیاہے۔

ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت سے ہم نے شرکت کی درخواست کی ہے جس کو انہوں نے قبول کیا ۔علامہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس وقت وطن عزیز کو درپیش خطرات میں دہشت گردی سر فہرست ہے۔دہشت گرد عناصر دندناتے پھر رہے ہیں۔نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر اگر بروقت عمل کیا جاتا تو ان مذموم عناصر کو پائوں پھیلانے کا موقع ہر گز نہ ملتا اور دہشت گردی کے نقصانات کم سے کم دیکھنے پڑتے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے داغ چھپانے میں مصروف ہیں اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا وطن عزیز کی سالمیت و استحکام کے لیے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ہم آواز ہونا ہوگا۔آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد حکمرانوں پر دبائو ڈالنے کے لیلے انتہائی ضروری ہے۔دہشت گرد طاقتوں کے خلاف کاروائی میں کسی بھی قسم کی تاخیر ان کو موقعہ فراہم کرنے کے مترادف سمجھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :